مہذب معاشرے میں معصوم بچوں پر جنسی تشدد ناقابل معافی جرم ہے‘ چوہدری گلزار احمد گجر،

زیادتی کا شکار بچی کے ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے‘ رکن پنجاب اسمبلی

جمعرات 26 فروری 2015 20:39

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) رکن پنجاب اسمبلی چودھری گلزار احمد گجر نے کہا کہ مہذب معاشرے میں معصوم بچوں پر جنسی تشدد ناقابل معافی جرم ہے ۔وہ ان خیالات کا اظہاررائے ونڈ بستی امین پورہ میں درندہ صفت شخص کی زیادتی کا شکار پہلی جماعت کی طالبہ پانچ سالہ فائزہ کے گھر والدین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ جنسی درندے کو کیفرکردارتک پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔

اس موقع پر ایس پی سی آئی اے عمر ورک،اے ایس پی رائے ونڈ شاہنواز چاچڑ ،ایس ایچ او تھانہ سٹی چودھری محمد سرور اور دیگر افسر بھی ہمراہ تھے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس حرکت میں ہے اور اس کیس میں پوری ذمہ داری سے فرائض انجام دے رہی ہے۔ ہسپتال میں زیر علاج متاثرہ بچی نے ملزم کی تصویر سے اسے پہچان لیا ہے جو کہ پولیس کی حراست میں ہے،اب صرف ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے ۔

(جاری ہے)

جونہی رپورٹ کا نتیجہ سامنے آئے گا ۔ تحقیقات کے بعدجنسی درندے کو سرعام نشان عبرت بنادیں گے ۔اس موقع پر پولیس افسروں نے کیس کے سلسلے میں مختلف لوگوں کے بیانات لئے اور شواہد اکٹھے کئے ۔متاثرہ بچی کے گھر والوں نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔دریں اثناء ایم پی اے چودھری گلزار احمد گجر چیئرمین پریس کلب شیخ طارق جاوید کے چچا زاد بھائی محمد یونس کی وفات پر فاتحہ خوانی کیلئے ان کے گھر گئے ۔

دریں اثناء انجمن تاجران کے سینئر نائب صدر نصیر احمد جاوا کے دفتر میں ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر قتل و غارت اور کفر کے فتوؤں نے ملک میں انتشار ڈالا ہوا ہے ۔پنجاب سے غیر قانونی مقیم افغانوں کو نکالنے کا اعلان بہتر فیصلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہارس ٹریڈنگ روکنے میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ہارس ٹریڈنگ کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہونا ضروری ہے ۔سینٹ الیکشن شفاف بنانا وزیر اعظم نواز شریف کی بڑی کامیابی ہے ۔