حمیدہ وحیدالدین سے یو این ویمن اور مشیر وزیر اعلی سلمان صوفی کی ملاقات،

خواتین کی بحالی اور تشدد کی روک تھام کے بل اور دیگر حکومتی اقدامات کے متعلق آگاہ کیا

جمعرات 26 فروری 2015 20:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین سے یو این ویمن کے وفد اور وزیر اعلی کے مشیر سلمان صوفی نے ملاقات کی اور حکومت پنجاب کے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے بل اور دیگر حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے حکومت پنجاب کے خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے انسداد تشدد اور بحالی بل کے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وائلنس بل کی منظوری سے تمام خواتین کو ہر سطح پر فائدہ ہو گا اور کسی بھی قسم کے تشدد کا شکار خاتون کی فوری داد رسی، بحالی، قانونی امداد اور روزگار کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنانا چاہتی ہے اور اس کے لئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں - انہوں نے یو این ویمن کے وفد کو خواتین کی ترقی اور مدد کے سلسلے میں حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ یو این ویمن کے وفد کے سربراہ جمشید قاضی، فوزیہ طارق اور عظمی قریشی نے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔وزیر اعلی کے مشیر سلمان صوفی نے وائلنس بل کی تفصیلات کے متعلق وفد کے سوالات کے جوابات دیئے- اس موقع پر خواتین کمیشن کی چیئر پرسن فوزیہ وقار بھی موجود تھیں۔