گورنرخیبرپختونخوا کا کابل میں آئی ایم سائنسز کھولنے کی منظوری ،

منصوبے پر ہائرایجوکیشن کمیشن کے مقررہ معیار اور اصولوں کے مطابق عمل درآمد کیاجائے،سردارمہتاب احمدخان ، معیاری تعلیمی عصرحاضرکی ضرورت ہیں، فاٹا کے طالب علموں کو اپنے ادارے میں جگہ دیں ،،گورنرخیبرپختونخوا کا آئی ایم سائنسز کے بورڈآف گورنرز کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 26 فروری 2015 19:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمدخان نے افغان دارالحکومت کابل میں آئی ایم سائنسز کھولنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہاہے کہ اس منصوبے پر ہائرایجوکیشن کمیشن کے مقررہ معیار اور اصولوں کے مطابق عمل درآمد کیاجائے۔ انہوں نے اس امید کااظہارکیا کہ کابل میں آئی ایم سائنسز کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کوفروغ ملے گا۔

وہ جمعرات کے روز انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز (آئی ایم سائنسز)پشاور کے بورڈآف گورنرز کے 19 ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری خزانہ ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، پرو وائس چانسلر پرسٹن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ خان، چیمبرآف کامرس کے سینئر وائس پریذیڈنٹ عروج احمد انصاری، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ ٹوپی کے ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر خان وسیم خان، ورلڈ بینک کے مشیر امجدعلی ارباب، پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر رسول جان، صنعت کار غلام دستگیر خان، ڈاکٹر ایم محسن خان، سید وجیح الحسنین اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابقہ اجلاس کے منٹس اور آئی ایم سائنسز کی کارکردگی کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔ گورنر سردار مہتاب احمد خان نے آئی ایم سائنسز انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ ہائیر ایجوکیشن کے ساتھ مضبوط کوآرڈینیشن کوفروغ دیں اور جدید خطوط پر تعلیم کے فروغ کیلئے ان کی ہدایات اور اہداف کو اپنائیں۔ گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انسٹیٹیوٹ فاٹا کے طالب علموں کو بھی اپنے ادارے میں جگہ دیں اور اگر وہ کسی لحاظ سے کمزور ہوں تو انہیں خصوصی بچوں کے پروگرام کے تحت اپنے پاس رکھیں اور فاٹا کے طلباء کی موجودہ تعداد کو دگنا کردیں اور تمام آئی ڈی پیز طلباء میں سے سلیکشن کی جائے اور طلباء کے انتخاب کو ایک وضع کردہ معیار کے مطابق کریں ساتھ ہی انہیں ایسی تعلیم دیں جو ان میں ذمہ داری کا احساس بھی پیدا کریں اور ان کے کردار کی تعمیر بھی ہو۔

گورنر نے کہاکہ اعلی معیاری تعلیمی عصرحاضرکی ضرورت ہیں اس لئے آئی ایم سائنسز کو ملک کے اعلی معیاری اداروں نسٹ اور لمز سے منسلک کیاجائے۔ گورنر نے کہاکہ آئی ایم سائنسز ہائیرایجوکیشن کے اہداف کو سامنے رکھیں اور ان کے حصول کی کوششیں کریں۔

متعلقہ عنوان :