صوبے میں170 ویٹرنری ڈسپنسری سنٹرز قائم کئے جائنگے، محب اللہ خان،

موجود ویٹرنری ہسپتالوں کو جدید سہولتوں آراستہ کیاجائے گا،معاون خصوصی کا پروگرام،،منسٹر آن لائن، میں گفتگو

جمعرات 26 فروری 2015 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیو سٹاک، ماہی پروری اورامداد باہمی محب اللہ خان نے کہا ہے کہ لائیوسٹاک کا شعبہ قومی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتاہے اور صوبائی حکومت اس کی اہمیت کے پیش نظر آئندہ مالی سال کے دوران صوبے میں170نئے ویٹرنری ڈسپنسری سنٹرز کا قیام عمل میں لائے گی۔جبکہ پہلے سے موجود ویٹرنری ہسپتالوں کو جدید سہولتوں آراستہ کیاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزپختونخوا ریڈیو ایف ایم92- کے پروگرام،،منسٹر آن لائن،، میں لوگوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی جی لائیو سٹاک ڈاکٹر غفران اللہ،ڈائریکٹر (توسیع)ڈاکٹر محمد اسلام ،ڈائریکٹر ماہی پروری شریف اللہ اورکوآپریٹو رجسٹرار فدا اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس شعبہ کی ترقی کیلئے مویشی پال لوگوں کو بہتر تربیت فراہم کرنے،جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسینیشن مہم چلانے،اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی نسل کی افزائش خاص کر اچئی نسل کی گائے کی تعداد میں اضافہ کیلئے مالاکنڈ میں پراجیکٹ شروع کرنے اور سوات میں ایک منفرد نسل کی بکریوں کی نسل کو بڑھانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

جبکہ دوسری طرف مچھلیوں کے غیر قانونی شکار کو روکنے کیلئے بھی سخت سے ہدایت کی گئی ہے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کوآپریٹو اداروں کوپہلے کی طرح فعال کیا جائیگا اور ان بینکوں کے قرض واپس کرنے والے زمینداروں سے منافع کی بجائے صرف اصل رقم واپس لی جائے گی ۔انہوں نے ایف ایم ریڈیو پختونخوا کی انتظامیہ کا بھی منسٹر آن لائن پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پروگراموں سے اداروں کو عوامی امنگوں کے مطابق فعال بنانے اورمختلف امور سے متعلق آگہی کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل میں بھی مدد ملتی ہے۔