صوبے میں ”خادم پنجاب میٹرو وائے فائے نیٹ ورک پروگرام“ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ،

سرکاری سکولوں میں ششم سے دہم جماعت کے سائنس مضامین اور ریاضی کے اساتذہ کو ٹیلبٹس دینے کے پروگرام کی منظوری ، پروگرام کا آغاز ابتدائی طور پر لاہور، راولپنڈی اور ملتان سے کیا جائے گا،طلبا و طالبات کو وائے فائے کی مفت سہولت ملے گی، پانچویں اور آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحان میں پوزیشن ہولڈر سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات کو بھی ٹیبلٹس دیئے جائیں گے، چھٹی سے دسویں جماعت تک سائنس مضامین اور ریاضی کی تمام کتابیں ڈیجیٹل کردی گئی ہیں ،کتابوں کی سی ڈیز بھی تیار کی گئی ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ا ہم اقدامات کی منظوری

جمعرات 26 فروری 2015 19:23

صوبے میں ”خادم پنجاب میٹرو وائے فائے نیٹ ورک پروگرام“ شروع کرنے کا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ا ہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران صوبے میں ”خادم پنجاب میٹرو وائے فائے نیٹ ورک پروگرام“ شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ششم سے دہم جماعت کے سائنس مضامین اور ریاضی کے اساتذہ کو ٹیلبٹس دینے کے پروگرام کی منظوری دی گئی۔

پانچویں اور آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری سکولوں کے طلبا و طالبات کو بھی ٹیبلٹس دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر ملتان، راولپنڈی اور لاہور سے ” میٹرووائے فائے نیٹ ورک پروگرام “کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پروگرام کے تحت اہم تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، ریلوے سٹیشنز، ائیرپورٹس، میٹرو بس کے روٹس، بس اڈوں اور دیگر مقامات پر وائے فائے کی سہولت فراہم کی جائے گی اور وائے فائے نیٹ ورک پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔

طلبا و طالبات کو وائے فائے استعمال کرنے کی مفت سہولت میسر ہوگی اور اس پروگرام کا مقصد صوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کو فروغ دینا ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بورڈ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے تعاون سے نصابی کتابوں کو ڈیجیٹل کرنے کا پروگرام شروع کیاہے جو کہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت نے چھٹی سے لے کر دسویں جماعت تک سائنس مضامین اور ریاضی کی تمام کتابیں ڈیجیٹل کردی ہیں جبکہ کتابوں کی سی ڈیز بھی تیار کی گئی ہیں۔

انہو ں نے کہا کہ گڈگورننس یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور محکموں کی استعدادکار میں اضافے کے ساتھ ساتھ اضلاع میں اداروں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے اور تحصیل و ضلع کی سطح پر بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے پروگرام تشکیل دیا جا رہا ہے کیونکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی محکموں و اضلاع میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے جلد حتمی سفارشات پیش کرے۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اہم اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔