اوپن یونیورسٹی اگلے تعلیمی سال سے بیالوجی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامزشروع کرے گی

جمعرات 26 فروری 2015 17:40

اسلام آباد(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015)بیالوجی سائنس کا ایک اہم مضمون ہے جس میں انسانی صحت کے حوالے سے تحقیق کے لئے بہت سے مواقع موجود ہیں ‘ اس پس منظر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اگلے تعلیمی سال سے بیالوجی کے ڈسپلن میں ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامزکے داخلے شروع کرے گی " ۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے فیکلٹی آف سائنس کے زیر اہتمام منعقدہ ریسرچ کلوکیم سیریز کی تقریب سے خطاب میں کیا۔

ڈاکٹر رضوانہ کوثر نے 'سالماتی اور جینیاتی مطالعہ(Molecular and genetic study )پر تفصیلی پریذنٹیشن دی جبکہ ڈاکٹر نغمانہ رشید ‘ ڈین فیکلٹی آف سائنس نے ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے حال ہی میں شروع کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ یونیورسٹی سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں تحقیق کی بنیاد پر تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے مختلف منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں یونیورسٹی کو تعلیمی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لئے مختلف اکیڈمک سیریز ‘ تحقیق پر مبنی سرگرمیوں کا فروغ ‘ طلبہ کے سپورٹ )مشکلات کے حل( کے نظام کی مضبوطی ‘ نصابات اور درسی کتب پر نظر ثانی اور پروفیشنل ڈیولپمنٹ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائنس کے فروغ کے لئے یونیورسٹی کی سائنس فیکلٹی بہت متحرک ہے ‘ اور مائیکرو بیالوجی میں 4۔

سالہ بی ایس پروگرام کے داخلے کئی سالوں سے پیش کرتی ہے جبکہ رواں سمسٹر بہار 2015ء سے مائیکرو بیالوجی میں ایم ایس سی پروگرام کے داخلوں کا آغاز کردیا ہے۔ڈاکٹر صدیقی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں ریسرچ کلچر کے فروغ پر ان کی خصوصی توجہ مرکوز ہے اور اس سلسلے میں خاطر خواہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریسرچ پیپرز شائع کرانے کو اہمیت دی جارہی ہے اور ریسرچ جنرلز شائع ہونے پر تعریفی اسناد اور نقد انعامات دئیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال چار (4)ریسرچ جنرل شائع کئے جائیں گے۔