تین سال قبل سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والا نیپالی شہری سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر کی کوششوں سے رہاکردیا گیا

جمعرات 26 فروری 2015 16:33

کراچی(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) تین سال قبل بھارتی ماہی گیروں کے ساتھ سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار ہونے والے نیپالی شہری مِین بہادر سرتنج ماگر عرف پمپھہ کوسائبان انٹرنیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن کی کوششوں سے رہا کردیاگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل ججوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے دورے کے موقع پر نیپالی شہری نے سائبان کے جنرل سکریٹری حیدر علی حیدر کو بتایا تھا کہ وہ نیپالی شہری ہے محنت مزدوری کیلئے نیپال سے بھارت گیا تھا وہاں سے تین سال قبل بھارتی ماہی گیروں کے ساتھ مچھلی پکڑنے سمندر چلا گیا جہاں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ماہی گیروں کے ساتھ پکڑاگیا تھا۔

نیپالی ماہی گیر نے بتایا کہ اس کے ساتھ پکڑے جانے والے تمام بھارتی ماہی گیر رہا ہوکر چلے گئے لیکن میں تاحال بے یار و مددگار جیل میں رہنے پر مجبور ہوں۔

(جاری ہے)

اس نے مزید بتایا کہ نیپال میں اس کی بیوی بشنو کماری اور دو بیٹے 6سالہ سبھاس اور 4سالہ سریش کے علاوہ والدین بے حد پریشان ہیں۔ حیدر علی حیدر نے سائبان کے چیئرمین حق نواز اختر کو مذکورہ قیدی کی صورتِ حال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے اسلام آباد میں واقع نیپالی سفارخانہ کو خط لکھا اور وہاں سے نیپالی قونصلر مسٹر ترتھا راج اریال نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر آکر نیپالی شہری پمپھہ سے ملاقات کی اور بعد ازاں اسے نیپالی شہری تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین سائبان کوسفری دستاویزات بھجوادیا سائبان کے جنرل سکریٹری نے بلاتاخیر ایئر ٹکٹ ہوم ڈیپارٹمنٹ میں جمع کروادیااس کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ کے فرض شناس سیکشن آفیسر نسیم صدیقی نے اعلیٰ حکام سے اپروول کے بعد جیل حکام کو ریلیز آرڈر جاری کردیا۔

اس طرح نیپالی ماہی گیر پمپھہ کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو تھائی ایئر ویز کے ذریعہ (کھٹمنڈو )نیپال روانا کردیا گیا۔