علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس،مشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پھر مسترد،10مارچ کو 32ویں دفعہ طلب

جمعرات 26 فروری 2015 16:22

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) لال مسجد کے نائب خطیب علامہ عبدالرشید غازی اور ان کی والدہ کے مقدمہ قتل کی سماعت جمعرات کواسلام آباد کی مقامی عدالت میں ہوئی۔عدالت نے پرویزمشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست ایک دفعہ پھر مسترد کرتے ہوئے پرویزمشرف کی جانب سے دائر دیگر تین درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ دس مارچ کو سنایا جا ئیگا۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان نے مقدمے کی سماعت کی۔ پرویزمشرف کے وکیل اختر شاہ نے پرویزمشرف کی عدالت میں ایک دن کیلئے حاضری سے استثنا کی درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پرویزمشرف دو وجوہات کی بناء پر عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، ایک ان کو سنگین سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں ، دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ شدید بیمار ہیں اس لئے وہ عدالت میں پیش ہونے کے لئے کراچی سے اسلام آباد تک کا سفر نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے مدعی ہارون الرشید غازی کے وکیل طارق اسد نے پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری ستے استثنا کی درخواست کی شدید مخالفت کرتے ہوئے 21فروری کو پرویزمشرف کی کراچی میں ایک تقریب میں کئے جانے والے ڈانس کی وڈیو سی ڈی عدالت میں پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کیا کوئی بیمار شخص ڈانس کرسکتا ہے؟پرویزمشرف بیماری اور سیکیورٹی کا بہانہ بناکر عدالت میں تو پیش نہیں ہوسکتے لیکن کراچی میں بیماری اور سیکیورٹی خطرات کی موجودگی میں نجی تقاریب میں جاکر ڈانس کرتے ہیں،پرویزمشرف اتنے شدید بیمار ہیں کہ عدالتی حکم پر کراچی سے اسلام آباد آکر عدالت میں تو نہیں پیش ہوسکتے لیکن سعودی شاہ عبداللہ کی وفات پر تعزیت کیلئے سعودی عرب جاسکتے ہیں پرویزمشرف نے کراچی میں منعقدہ تقریب میں ڈانس کرکے توہین عدالت کی ہے،پرویزمشرف نے یہ بھی بیان دیا کہ فوج نے میری ساکھ بچانے کیلئے بہت کچھ کیا جس پر میں فوج کا شکرگزار ہوں۔

پرویزمشرف کا یہ بیان بھی نہ صرف یہ کہ توہین عدالت ہے بلکہ عدالت سے اعلان جنگ بھی ہے۔پرویزمشرف نے فوج کے تعاون کا بیان دیکر عدالت کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کرکے عدالتی کاروائی میں مداخلت کی جوکہ صریحاََتوہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ فریقین کے وکلا کے دلائل سننے اور پرویزمشرف کی۔ وڈیو دیکھنے کے بعد ایڈیشنل اینڈ سیشن جج واجد علی خان نے پرویزمشرف کی عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئیے پرویزمشرف کو 10مارچ کو 32ویں دفعہ طلب کرلیا ہے۔عدالت نے پرویزمشرف کی جانب سے دائر تین درخواستوں پر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ 10کو سنایا جائیگا۔بعدازاں علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت 10مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ عنوان :