کراچی شہر میں جانوروں اور پرندوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کریک ڈاوٴن کا فیصلہ

جمعرات 26 فروری 2015 14:49

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر میں جانوروں اور پرندوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے اور ضبط کئے جانے والے قیمتی جانوروں اور پرندوں کو عوام کی دلچسپی اور معلومات کیلئے کراچی چڑیا گھر میں رکھا جائے ، اس سلسلے میں سینئر ڈائریکٹر کلچر م اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن رضا عباس رضوی کی سربراھی میں محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم قائم کی گئی جو کہ شہر میں کے ان مقامات پر چھاپے مارے گی جہاں پر قیمتی پرندے اور جانوروں کی غیر قانونی فروخت جاری ہے ، اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ روبینہ آصف ، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن کے ایم سی رضا عباس رضوی ، ڈائریکٹر چڑیا گھر فہیم خان ، پرویز مظہر خان ،ڈائریکٹر میڈیا کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی کے علاوہ WWF،محکمہ جنگلات و جنگلی حیات ، کراچی چیمبر اور دیگر متعلقہ اداروں کے ماہرین و نمائندے بھی شریک تھے ،کمشنر کراچی نے اس موقعہ کہا کہ پتھروں اور لوہے کے پنجرے بنانے کے بجائے چڑیا گھر جانوروں اور پرندوں کیلئے فرینڈلی اور قدرتی ماحو ل کے مطابق پنجرے یا رہائش ڈیزائن کئے جائیں ، انہوں نے اس موقعہ پر ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں پروفیسر ظہیر خان ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ روبینہ آصف ، زولوجسٹ اور وائلڈ لائف کے نمائندے شامل ہونگے کمیٹی 10روز میں کے اندر قابل عمل تجاویز تیار کریگی ، سینئر ڈائریکٹر کلچر نے اس موقعہ پر بتایا کہ اسٹاف اور فنڈز کی کمی کے باعث چڑیا گھر کے انتظامی امور کو چلانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ، کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ اسٹاف اور فنڈ کے حوالے سے تجاویز انھیں پیش کی جائیں تاکہ وہ اسے براہ راست متعلقہ اتھارٹیز سے منظور کروا کر چڑیا گھر کے منتظمین کی مفاد عامہ کیلئے مدد کرسکیں ،کمشنر کراچی نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر شہر کی پہچان اور صوبے کا قیمتی اثاثہ ہے اس سے لوگوں کی جذباتی اور بچپن کی یادیں وابستہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ نے کراچی چڑیا گھر کی بہتری کیلئے جو کمیٹی قائم کی ہے ہمیں انکی توقعات پر پورا اترنا ہے اور شہر کی اس پہچان کو خوبصورت اور بچوں وبڑوں کیلئے دلچسپ مقام بنانا ہے ، انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کی بہتری کیلئے یہاں کی آمد نی یہیں پر خرچ کی جائے ، کمشنر کراچی نے کہا کہ جانوروں اور پرندوں سے پیارکر نے والے صنعتکاروں اور تاجروں پر مشتمل ”انیمل لوورز“ کمیٹی قائم کی جائیگی ،انہوں نے ہدایت کی کہ ” پروموشن آف زواینڈ انیمل “ کے حوالے سے ایک ماہ اندر ورکشاپ کا اہتمام کیا جائے جس میں ملک کے ماہرین کو مدعو کیا جائے اور چڑیا گھر کے عملے کو تربیت و آگاہی بھی فراہم کی جائیگی ، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کراچی چیمبر کے نمائندے سے درخواست کی کہ چیمبر کے سی ایس آر فنڈز میں سے کچھ فنڈز چڑیا گھر کی بہتری کیلئے مختص کئے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :