پاکستان کسان اتحاد نے8 مارچ کو اسلام آباد لانگ مارچ، دھرنے کی تیاریاں شروع کردیں

جمعرات 26 فروری 2015 14:03

حجرہ شاہ مقیم (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) پاکستان کسان اتحاد نے آٹھ مارچ کو اسلام آباد لانگ مارچ اور دھرنے کی تیاریاں شروع کر دیں،کسان یک جان ہو گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق ضلعی جنرل سیکرٹری پاکستان کسان اتحاد ضلع اوکاڑہ میاں شوکت علی وٹو اور ضلعی سینئر نائب صدر ملک محمد یٰسین نے گزشتہ روز مرکزی صدر ملک خالد محمود کھو کھر کی زیر صدارت منعقد ہ پاکستان کسان اتحاد کے اہم اجلاس کے بعد یہاں ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے کسانوں کے ساتھ کئے گئے تمام وعدے توڑ دیئے ،پنجاب گورنمنٹ نے مونجی کی فصل کا فی ایکڑ پانچ ہزار روپے نقصان کی مد میں دینے کا جو اعلان کیا تھا وہ پورانہ کیا گیا،کھاد پر چودہ ارب روپے کی سبسڈی سے بھی انکار کر دیا گیا ،گندم کا ریٹ 1350طے کر کے 900روپے پر لانے کی سمری تیار کر لی گئی،کپاس چاول کے بعد آلو کے کاشتکاروں کا استحصال جاری ہے جبکہ بجلی کے بلوں میں بھی کسانوں کو دیوالیہ کر دیا گیا لہذا پاکستان کسان اتحاد کے پلیٹ فارم پر پورے ملک کے کسانوں نے اکٹھا ہو نے کا فیصلہ کر لیا ہے اور تمام فصلات کے ریٹ فکس کرانے پر کسانوں نے مشترکہ جدو جہد کا اعلان کر دیا ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں گزشتہ شب ہونے والے مرکزی اجلاس میں پاکستان کسان اتحاد نے ابتدائی طور پر آٹھ مارچ کو اسلام آباد کے لئے ملک گیر لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے جہاں اسلام آباد میں کسانوں کے حقوق کی بحالی اور مطالبات تسلیم کیے جانے تک دھرنا جاری رہے گا۔