اسلام آباد ہائیکور ٹ نے اقبال ظفر جھگڑا اورراحیلہ مگسی کو سینٹ ٹکٹ جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست سما عت کے لئے منظور کر لی

جمعرات 26 فروری 2015 13:39

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) اسلام آباد ہائیکور ٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما جنرل سیکرٹری اقبال ظفر جھگڑا اور لیگی خاتون راحیلہ مگسی کو اسلام آباد سے سینٹ ٹکٹ جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے درخوست منظور کر لی۔ عدالت نے اقبال طفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کو اسلام آباد کے کوٹہ سے جاری کئے گئے سینٹ ٹکٹ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آفس کورٹ درخوست پر ڈائری نمبر لگانے کے احکامات جاری کر دیئے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کو اسلام آباد کے کوٹہ سے دیئے گئے سینٹ ٹکٹ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری اور ان کے وکیل بیرسٹر شعیب رزاق عدالت میں پیش ہوئے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سینٹ کے حالیہ انتخابات 2015ء میں مسلم لیگ ن جانب سے اقبال ظفر جھگڑا اور راحیلہ مگسی کو اسلام آباد کے کوٹہ سے ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینٹ کے کورٹ آف کنڈیکٹ کو پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اقبال ظفر جھگڑا جو کہ خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھتے ہیں اور راحیلہ مگسی جن کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو الہ یار سے ہے ان دونوں رہنماؤں کو مسلم لیگ ن نے اسلام آباد کے کوٹہ سے سینٹ ٹکٹ جاری کئے جبکہ قانون کے مطابق جس حلقے سے امیدوار الیکشن لڑتا ہے وہاں کا رہائشی ہونا اور امیدوار کے ووٹ کا اندراج ہونا ضروری ہے لیکن دونوں رہنماؤں کے اسلام آباد میں ووٹ کا اندراج نہیں ہے۔

عدالت نے پی ٹی ائی کے وکیل سے کہا کہ ابھی تک آپ کی درخواست پر اعتراضات ختم نہیں ہوئے عدالت آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات کو ختم کر دیتی ہے اور اس کے بعد کیس کی سماعت جائے گی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا 5 مارچ 2015ء کو سینیٹ کے انتخابات کے لئے شیڈول جاری ہو چکا ہے لہذا عدالت اس کیس کی جلد سماعت کرے جبکہ عدالت نے کہا کہ ابھی تک پی ٹی آئی کی درخواست پر ڈائری نمبر ہی نہیں لگا مذکورہ احکامات کے بعد عدالت نے پی ٹی آئی کی درخواست پر لگائے گئے اعتراضات کو ختم کرتے ہوئے آفس کو پی ٹی آئی کی درخواست پر ڈائری نمبر لگانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :