سیاست کو عبادت کے بجائے لوٹ مار سمجھا جارہا ہے،ممتاز علی بھٹو

جمعرات 26 فروری 2015 13:32

بدین (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015) سابق وزیر اعلیٰ سندھ ومسلم لیگ ن رہنما ممتاز علی بھٹو نے کہا ہے کہ اس وقت سیاست کو عبادت کے بجائے لوٹ مار سمجھا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بدین میں کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1943ء کی قرارداد میں واضح ہے کہ کوئی بھی صوبہ دوسرے صوبے پر حاوی نہیں ہوگا لیکن آج ہم پر بڑا صوبہ حاوی ہے جو پورے ملک پر حکمرانی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے مشروط طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی اس وقت کمیٹی کے رہنما موجودہ صدر پاکستان ممنون حسین تھے جنہوں نے وعدہ کیا تھا کہ سندھ والوں سے کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ کارکنوں کو اہمیت نہ ملنے پر مسلم لیگ ن سندھ میں کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم سے مفاہمت کرکے پیپلز پارٹی سندھ میں ختم ہوتی جارہی ہے۔ ممتاز بھٹو نے مزید کہا کہ ہم شہید بھٹو کے شاگرد ہیں میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں۔ ممتاز بھٹو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی جانب سے پی پی پر کرپشن کے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئے۔