نائیجیریا ،بحری قزاقوں کے ہاتھوں اغواء ہونے والا پاکستانی رہا

جمعرات 26 فروری 2015 11:13

ایتھنز(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔26 فروری 2015 )نائیجیریا کے قریب تین ہفتے پہلے بحری قزاقوں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے سپرآئل ٹینکر کے تین کریو ارکان کو رہا کر دیا گیا۔یونان کی وزارت خارجہ کے مطابق کالاموس' نامی تیل بردار ٹینکر نائیجیریا کے مرکزی آئل ٹرمینل کی جانب گامزن تھا جب تین فروری کو اس پر حملہ کیا گیا۔بحری قزاق جہاز کے یونانی نائب کیپٹن کو ہلاک کرنے کے بعد ایک پاکستانی اور دو یونانی کریو ارکان کو ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

وزارت نے رہائی کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے صرف یہ کہا کہ تینوں کریو ارکان محفوظ ہیں اور ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ انہوں نے نائجیریا میں یونانی سفیر سے کہا ہے کہ کریو ارکان کو رہائش فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ممکن سہولت دی جائے۔وزارت نے چار لاکھ امریکی ڈالر تاوان دینے کی خبروں کی تصدیق نہیں کی۔اسی طرح ،جہاز کے مینیجر سے بھی واقعہ پر تبصرہ کیلئے رابطہ نہ ہو سکا۔