ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی بارے اہم اجلاس ،

اجلاس میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی کے طریقہ کار اور خصوصی پے پیکیج کو حتمی شکل دی گئی ، ریگولر پوسٹوں پر کام کرنیوالے متعلقہ قابلیت کے حامل میڈیکل آفیسرز بھی پوسٹنگ کیلئے درخواست دے سکیں گے‘ خواجہ سلمان رفیق

بدھ 25 فروری 2015 21:40

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں بالترتیب 10 اور 5 سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی کے اقدامات اور ان کے لئے خصوصی پے پیکیج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور آئندہ چند دن تک اس سلسلہ میں اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے مجوزہ پیکیج کی تفصیلات اور درخواست دینے کا طریقہ کار شائع کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے خصوصی پے پیکیج دینے کے بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ (ایڈمن) عدنان ظفر ، پنجاب ہیلتھ سیکٹریفارمز کے پراجیکٹ ڈائریکٹر علی بہادر قاضی اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گریڈ 18 اور 19 کے سپیشلسٹ ڈاکٹروں کے لئے کم از کم اور زیادہ سے زیادہ سپیشل الاؤنسز کو حتمی شکل دی گئی جس کے مطابق ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور میٹرو پولیٹن شہروں سے ضلعی و تحصیل ہسپتالوں کے فاصلے کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے اور ریموٹ علاقوں کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز کو زیادہ مالی فائدہ ہو گا جس کی حد 30 ہزار سے 60 ہزار روپے ماہانہ تک ہو سکتی ہے ۔

اجلاس میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں تعیناتی کے طریقہ پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں میڈیکل آفیسرز اور ویمن میڈیکل آفیسرز کی پوسٹوں پر کام کرنے والے ریگولر ڈاکٹرز جو متعلقہ شعبہ میں مطلوبہ قابلیت کے حامل ہوں گے انہیں بھی سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی آسامیوں پر تقرری کی پیشکش کی جائے گی اور وہ بھی درخواست دے سکیں گے جن کے لئے اخبارات میں اشتہارات میں طریقہ کار اور اس کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا جس کے بعد بقایا سیٹوں پر نئے سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھرتی کئے جائیں گے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام پراسیس کو جلد از جلد مکمل کر کے اخبارات کے لئے اشتہار دے دیا جائے تاکہ ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی تعیناتی کا عمل وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق مکمل کیا جا سکے اور عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں ۔