حکمران دینی مدارس کو بند کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں ،مولاناراشد محمود سومرو،

سندھ میں دینی مدارس کی بندش صوبائی حکومت کی دین دشمنی ہے ،آج سکھر میں عظیم الشا ن تحفظ ناموس رسالت ودینی مدارس ریلی ہوگی

بدھ 25 فروری 2015 21:24

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) جمعیة علما ء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل مولاناراشد محمود سومرو نے کہا کہ حکمران دینی مدارس کو بند کرنے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں ،سندھ میں دینی مدارس کی بندش صوبائی حکومت کی دین دشمنی ہے ،26فروری کو سکھر میں عظیم الشا ن تحفظ ناموس رسالت ودینی مدارس ریلی ہوگی ، صوبائی حکومت اپنا قبلہ درست کرے ور نہ زبردست احتجاج ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 20روزہ دورہ افریقہ سے واپسی کے بعد المر کز اسلامی جمعیة سیکٹریٹ میں کا ر کنوں سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان ،مولانا محمد غیاث ،مولانا عمر صادق ،قاضی فخرالحسن، مفتی عبدالحق عثمانی،مولانا حماداللہ شا ہ،مولاناحلیم الرحمان قریشی، قاضی امین الحق آزاد اوردیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مولانا راشد محمود سومرونے کہا کہ ہم نے ہمیشہ نہ صرف دہشت گردی کی مذمت کی ہے بلکہ ہم خود دہشت گردی کا شکا ر ہیں ۔علامہ ڈاکٹر خالد محمود سو مرو شھید  سمیت کئی اکا بر ،بزر گوں اور کار کنوں کو شھید کیا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کے خلاف کار وائی کی آ ڑ میں دینی مدارس کے خلاف کار وائی کی جا رہی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجا ئے گا ۔

انہوں نے کہاکہ نہ ہمیں دہشت گردی قبول ہے اور نہ ہی دہشت گردی کے خلاف کاروائی کی آ ڑ میں دینی مدارس کے تقدس کی پامالی منظورہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرا ن دینی مدارس کو بند کر نے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں یہ ملک ہما رے اکابر کی قر بانیوں کے طفیل آزاد ہواتھا اور مسلمانوں نے اس کے قیام کیلئے قر بانیاں اس لئے نہیں دیں کہ یہاں دینی تعلیم کو جرم بنادیا جائے ۔

انہوں نے سندھ کے بعض اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سے دینی مدارس کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہو ئے کہاکہ 26فروری بروز جمعرات سکھرمیں عظیم الشان تحفظ ناموس رسالت ودینی مدارس ریلی ہوگی ،جسمیں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجا ئے گا ۔ صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت عجلت میں ایسے کام کر رہی ہے جو اس کی بد نامی کاباعث ہیں ۔

انہوں نے کراچی ڈویژن اور اندرون سند ھ کے بعض اضلاع میں مدارس کے کی بندش اور علماء کرام کی گرفتا ریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ہوش کے ناخن لے ان اوچھے ہتکنڈوں کے ذریعہ علماء کرام کو اپنے مشن سے نہیں ہٹا یا جاسکتا ۔اور نہ ہی دینی مدارس کو بند کیا جاسکتاہے ۔اگر حکومت نے اپنی روش نہ بد لی توہم شدید احتجاج پرمجبور ہونگے اور پھر ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر میں احتجاج کیا جائے گا۔