شاہراہوں کی چوڑائی کا پورا خیال رکھا جائے،وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی محکمہ مواصلات و تعمیرات اور ہائی ویز کے حکام کو ہدایت

بدھ 25 فروری 2015 21:07

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے محکمہ مواصلات و تعمیرات اور ہائی ویز کے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنانے کے علاوہ شاہراہوں کی چوڑائی کا بھی پورا خیال رکھا جائے انہوں نے واضح کیا کہ سڑکوں کی کم از کم چوڑائی اٹھارہ فٹ ہونی چاہیئے کیونکہ اس سے کم چوڑائی میں گلی کوچے تو بنائے جاسکتے ہیں مگر اتنی تنگ سڑکیں بنانا ٹریفک کی روانی میں مسائل کا سبب بنتا ہے جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت شاہراہوں کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیونکہ یہ معاشی ترقی کا زینہ ثابت ہوتے ہیں جس میں اولین ترجیح سیاحتی علاقوں کے سڑکوں کی بہتری ہے وہ سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں شاہراہوں کی تعمیر سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر حماد اویس آغا، ایم ڈی پختونخوا ہائی وے اتھارٹی اعجاز یوسفزئی اور دیگر متعلقہ حکام کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش اور سپیشل سیکرٹری محمد اسرار خان نے بھی شرکت کی پرویز خٹک نے حکام کو ہدایت کی کہ سوات اور گلیات کی سڑکوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور انہیں تجاوزات سے پاک اور کشادہ کیا جائے اسی طرح شہری، میونسپل اور دیہی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کو باضابطہ بنایا جائے تاکہ انکی باقاعدگی سے دیکھ بھال یقینی بنے اور کسی کو حکومت سے مطالبے یا نشاندہی کی ضرورت نہ پڑے انہوں نے کہا کہ پچھلے سال شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 3 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ رواں سال شاہراہوں کی تعمیر کے 81 جاری اور153 نئے منصوبوں کیلئے 9 ارب 60 کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں انہوں نے روڈسیکٹر کی ان تمام سکیموں کی پوری تیز رفتاری کے ساتھ اور معیار ی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی صوبائی وزیر آبپاشی محمود خان کی نشاندہی پر وزیراعلیٰ نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ سوات میں 24 کلومیٹر مٹہ فاضل بانڈہ روڈ کی چوڑائی بعض جگہ 20 مگر کہیں 12 فٹ تک کم ہے جس پر انہوں نے کہا کہ مٹہ جیسے گنجان آباد علاقے سے گزرنے والی اتنی اہم سٹرک کاجگہ جگہ تنگ ہو جا نا شاہراہوں اور ٹریفک کی روانی سے مذاق کے مترادف ہے اور واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت تعمیرات کے شعبے میں اس طرح کی بد نظمی ہر گز برداشت نہیں کرے گی بالخصوص شاہراہوں کی کشادگی آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے مطابق یقینی بنائی جائے گی انہوں نے مٹہ فاضل بانڈہ سڑک کو مطلوبہ معیار کے مطابق چوڑاکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس کیلئے مختص 25 کروڑ روپے کے علاوہ مزید درکار 27 کروڑ روپے کے فوری اجراء کی ہدایت بھی کی اوراس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 2004 ء سے مقامی لوگوں کی ضرورت اور مطالبات کے باوجود پونے چار لاکھ کی آبادی والے اس علاقے کی سڑک پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور اس کے تخمینہ جات میں بار بار ردو بدل کیا گیا مگر اسکی معیاری تعمیر کو نظر انداز کیا گیا حالانکہ یہ شاہراہ سوات کی وادی بہا جیسے پر فضاء سیاحتی علاقے کو بھی ملاتی ہے وزیراعلیٰ نے شاہراہ کی کشادہ تعمیر کے علاوہ اس میں اہم مقامات پر سولر لائٹس لگانے کی ہدایت بھی کی ۔

متعلقہ عنوان :