کراچی، برگر کھانے سے بچی کی ہلاکت کا واقعہ ،فوڈ سینٹر کو سیل کردیا گیا

بدھ 25 فروری 2015 19:23

کراچی، برگر کھانے سے بچی کی ہلاکت کا واقعہ ،فوڈ سینٹر کو سیل کردیا گیا

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) کراچی میں برگر کھانے سے جاں بحق ہونے والی13سالہ کنزیٰ کی رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق برگر میں مضر صحت اجزاء پائے گئے ،جس کے بعد انتظامیہ نے نارتھ ناظم آباد میں واقع بورڈ آفس کے قریب فوڈ سینٹر کو سیل کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد تھانے کی حدود میٹرک بورڈ آفس کے قریب ڈاکٹر احمد باری ،ڈاکٹر نازیہ اور ان کے تین بچوں نے فوڈ سینٹر سے برگر کھایا جس کے بعد ان کی چاروں کی حالت غیر ہوگئی ۔

(جاری ہے)

جنہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 13سالہ کنزی ٰ مضر صحت برگر کھانے کی وجہ سے دوران علاج چل بسی ۔بچی کے والد ڈاکٹر احمد باری نے فوڈ سینٹر پرمضر صحت اشیاء فروخت کرنے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا جس پر عدالت نے نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمہ 17/15زیر دفعہ 319غفلت کا مرتکب ہونے پر درج کرلیا ۔تاہم برگر کی فرانزک رپورٹ آنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر محمد رفیق کی سربراہی میں ٹیم نے فوڈ سینٹر کے عملے کو باہر نکال کر بورڈ آفس برانچ کو سیل کردیا ۔ذرائع نے بتایا کہ فوڈ سینٹر کے مالک نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی ہوئی ہے جس کی سماعت 28فروری کو متوقع ہے ۔تاہم کسی گرفتاری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

متعلقہ عنوان :