پاکستان اسٹیل ملزکے ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،سندھ ہائی کورٹ نے سی ای او اسٹیل ملز اور دیگر کونوٹسز جاری کردیئے

بدھ 25 فروری 2015 19:23

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) پاکستان اسٹیل ملز کے 16ہزار ملازمین کو چار ماہ کی تنخواہوں ،ریٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی اور ملازمین کو پروانڈنٹ فنڈ کی عدم ادائیگی پر سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او پاکستان اسٹیل ،وفاقی سیکرٹری خزانہ ،وفاقی سیکرٹری پیداوار ،چیف فنانس آفیسر اسٹیل مل ،سیکرٹری پروانڈنٹ فنڈ ترسٹ اور سیکرٹری گریجویٹی ٹرسٹ کو 18مارچ کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا ہے ۔

پاکستان اسٹیل ملز کے 16ہزار ملازمین کو تنخواہوں اور ریٹائرڈ و وفات یافتہ ملازمین کو پروانڈنٹ فنڈز اور گریجویٹی کی عدم ادائیگی کے خلاف انصاف لیبر یونین کے چیئرمین چوہدری محمد افضل ،جسٹس ہیلپ لائن کے ندیم شیخ ،مزدور رہنما ریحان شاہ کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شوکت علی میمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ندیم شیخ ایڈوکیٹ اور چوہدری محمد افضل ایڈوکیٹ اور کامریڈ ریحان شاہ نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین چار ماہ کی تنخواہوں اور دیگر واجبات سے محروم ہیں ۔جس کی وجہ سے ملازمین کو گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں ۔کرائے کے مکانات میں مقیم ملازمین کو مالکان بے دخل کررہے ہیں ۔عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او پاکستان اسٹیل ،وفاقی سیکرٹری خزانہ ،وفاقی سیکرٹری پیداوار ،چیف فنانس آفیسر اسٹیل مل ،سیکرٹری پروانڈنٹ فنڈ ترسٹ اور سیکرٹری گریجویٹی ٹرسٹ کو 18مارچ کو ذاتی حیثیت سے طلب کرلیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :