کراچی کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو ملکی معیشت کمزور ہوتی چلی جائے گی، شہر میں کہیں قانون کی علمداری دکھائی نہیں دیتی،لیگی رہنماء علی اکبر گجر

بدھ 25 فروری 2015 18:43

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 25 فروری 2015ء) کراچی کے مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو ملکی معیشت کمزور ہوتی چلی جائے گی ․ شہر میں کہیں قانون کی علمداری دکھائی نہیں دیتی․ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سندھ کے شہریوں کو امن دستیاب ہوجائے تو سندھ کا ہر گاؤں، قصبہ اور شہر سرسبز و شاداب ہو جائے گا․ اقربا پروری، کرپشن اور لاقانونیت نے سندھ کی پر امن اور سرسبز دھرتی کی خوبصورتی کو ماند کر رکھا ہے․ ان حالات میں سندھ کی تقدیر پاکستان مسلم لیگ(ن) ہی بدل سکتی ہے․ کراچی میں دکھاوے کے اقدامات سے ترقی نہیں صوبے کے وسائل کا نقصان ہوگا․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کراچی میں ٹریفک کے بد ترین نظام اور شہر کی تمام بڑی شاہراہوں اور مارکیٹوں میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے میں صوبائی حکومت کی ناکامی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو سوچی سمجھی کو منصوبہ بندی کے تحت پسماندگی اور بد امنی کی طرف دھکیلا گیا صوبائی حکومت نے سندھ کے عوام کو ووٹ دینے والے روبوٹ سمجھ کر نظر انداز کیا اور ذاتی مفادات پروان چڑھاتے رہے․سندھ کی صوبائی حکومت کی طرف سے سندھ کو سرسبز اور شاداب بنانے کے دعووں کو کھوکھلے سیاسی نعرے قرار دیتے ہوئے علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ صوبے پر گذشتہ سات سالوں سے حکمرانی کرنے والوں کو سرسبز و شاداب سندھ آج ہی کیوں یا د آیا ہے؟ گذشتہ سات سالوں میں سندھ کو بنجر اور پسماندہ بنانے کے پیچھے کیا عوامل کارفرما تھے؟ اور صوبائی محکموں میں گھوسٹ ملازمین گذشتہ سات سالوں میں کیوں دریافت نہیں ہوئے؟ میڈیا پر آکر بڑے بڑے اعلانات کرنے کی بجائے سندھ کی خدمت پر توجہ دی جاتی تو گذشتہ سات سالوں میں شاہ لطیف کی دھرتی پاکستان کا سب سے خوبصورت خطہ بن جاتی ․ ماضی میں لاڑکانہ کو پیرس بنانے کے دعوے کئے جاتے تھے لیکن سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کے صوبے کے ایک شہر کو پیرس بنانے کے دعوے کرنے والوں نے پورے سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ․ پاکستان کی معاشی ترقی میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والا شہر چاروں طرف سے تجاوزات کی زد میں ہے ، شہر کے قلب میں جہانگیر پارک، ایمپریس مارکیٹ اور صدر جیسے مصروف ترین کاروباری مراکز میں تجاوزات کی وجہ سے تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کو گہن لگ چکا ہے دوسری طرف لوٹ مار اور بد امنی نے شہر قائد کے صنعتی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ․ عروس البلاد کراچی بدترین غفلت کا شکار ہو کر اپنی عالمی حیثیت کھونے لگا ہے․ گذشتہ کئی سالوں سے سندھ میں مطلق العنان حکمرانی دیکھنے کے بعد سندھ کے عوام کو یقین ہو گیا ہے کہ صاف سرسبز اور پرامن سندھ کا خواب صرف پاکستان مسلم لیگ(ن) پورا کر سکتی ہے․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ کراچی کی طرح اندرون سندھ کے شہر اور قصبے بھی صوبائی اداروں کی عدم توجہ کا نوحہ بنے ہوئے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت اور پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے بار ہا صوبائی حکمرانوں کی توجہ گھمبیر مسائل کی طرف دلوائی لیکن سندھ کے حکمران عوام کی خدمت کی بجائے اقربا پروری اور ذاتی مفادات کی سیاست کی طرف متوجہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :