معین خان نے شارجہ میں مصباح کیخلاف سازش کی تھی :سرفراز نواز

بدھ 25 فروری 2015 15:44

معین خان نے شارجہ میں مصباح کیخلاف سازش کی تھی :سرفراز نواز
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار25۔فروری 2015ء ) سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ معین خان جوا خانے جانے کے الزامات ثابت ہونے کے باوجود اپنی غلطی پر پردہ ڈال رہے ہیں، انہوں نے شارجہ میں مصباح الحق کو قیادت سے ہٹانے کی سازش بھی کی تھی ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماضی کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر نے معین خان کووطن واپس بلانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معین خان جوا خانےجانے کے الزمات ثابت ہونے کے باوجود اپنی غلطی پر یہ کہہ کر پردہ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ کھانا کھانے کیسینو گئے تھے مگر پی سی بی نے اُنہیں پہلی ممکنہ فلائٹ سے وطن واپس بلا لیا ہے۔

سرفراز نواز نے معین سمیت ان کے حق میں بولنے والے سابق چیئرمین پی سی بی اور گورننگ بورڈ کے موجودہ رکن نجم سیٹھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نجم سیٹھی اور معین خان کے درمیان معالات سمجھ نہیں آرہے کیوں کہ ٹیم کے ساتھ معین کو آسٹریلیا بھیجنا نجم سیٹھی کی ضد تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معین کی وسیم اکرم سے بھی ساز باز تھی، معین نے شارجہ سے سازش شروع کی اور مصباح الحق کو بر طرف کردیا تھا تاکہ شاہد آفریدی کو کپتان بنایا جا سکے لیکن مصباح کی ثابت قدمی اور قدرت کی بدولت وہ آج بھی ٹیم کے کپتان ہیں۔

سرفراز نے کہا کہ معین خان کو پاکستان واپش بلانے کا فیصلہ ٹیم کے مفاد میں ہے۔ ادھر سابق مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد نے بھی معین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ سابق وکٹ کیپر کے خلاف ایکشن لے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سلیکٹر کا کام ٹیم منتخب کر کے ختم ہوجاتا ہے، معین خان کو ٹیم کے ساتھ کیوں بھیجا گیا، اب دیکھنا ہے کہ اس معاملے پر بورڈ کس حد تک جاتا ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اور گوگلی کے موجد عبدالقادر نے بھی معین خان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ سابق کرکٹرز کا ماضی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، آفیشلز کھلاڑیوں پر کرفیو لگا کر خود جوا خانے جا رہے ہیں، ایسے لوگوں کو لٹکا دینا چاہیے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :