پاکستان کے تعلیمی اعدادوشمار میں بہتری آ ئی ہے۔ بلیغ الرحمن، وزیرِ مملکت

منگل 24 فروری 2015 23:19

برلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان کے تعلیمی اعدادوشمار میں کافی بہتری آئی ہے۔ طالب علموں کی اِنرولمنٹ کی شرح 68فیصد سے بڑھ کر 72فیصد ہو گئی ہے اور تمام صوبوں نے تعلیم کیلئے مختص بجٹ کو تقریباً 10سے 15فیصد تک بڑھا دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی سفارتخانہ ، برلن کے زیر اہتمام جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔وزیرِ مملکت نے قوم کو درپیش مسائل اور انکے حل کیلئے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں شرکاء کوآگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی تعلیمی وزراء کانفرنس (آئی پی ای ایم سی)کے ادارے کو مضبوط کیا گیا ہے اور اب سہ ماہی بنیادوں پراسکے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی نصابی کونسل کا نوٹیفیکیشن جاری ہو چکا ہے جو تمام صوبوں اور علاقائی حکومتوں کے نصاب کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک قومی اور یکساں نصاب کو رائج کرنے کیلئے کم از کم معیار کی بنیاد فراہم کرے گا جس پر تمام صوبے عمل درآمد کریں گے۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ اگرچہ وفاقی حکومت ٹیکس کی شرح جی ڈی پی کے 8.5فیصد سے 9.1فیصد تک لے جانے میں کامیاب ہوئی ہے لیکن یہ ناکافی ہے اور ٹیکس کی بنیاد کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تا کہ تعلیم کے شعبہ کیلئے زیادہ فنڈ مختص کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں نے اپنے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کیا ہے جو کہ اب کل بجٹ کا 12فیصد سے بڑھ کر 25فیصد ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم بشمول ریسرچ و ڈویلپمنٹ کیلئے حکومت نے تقریباً 70ارب روپے مختص کئے ہیں اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وزیرِ مملکت نے مزید بتایا کہ تمام اعلی تعلیمی اداروں کے تحقیق و ترقی کے مراکز کو ملک کی انڈسٹری کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے تا کہ یہ تحقیقاتی ادارے انڈسٹری کودرپیش مسائل پر تحقیق کریں اور ان کے حل کیلئے تجاویز دیں۔

سوال و جواب کی نشست کے دوران اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ مملکت نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے قومی سطح پر سروے کروایا گیا ہے اور اس سروے کے نتائج کی روشنی میں اساتذہ کی تربیت کیلئے ایک جامع پالیسی بنائی جا رہی ہے جس سے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ وزیر ِ مملکت بلیغ الرحمن صوبائی وزراء بشمول آزاد کشمیر و نمائندہ فاٹا کے ایک وفد کی قیادت کر رہے ہیں جو کہ جرمن وزارت برائے معاشی ترقی و تعاون اور اس کے تحت تنظیم جی آئی زیڈ کی دعوت پر جرمنی کا 3روزہ مطالعاتی دورہ کر رہا ہے۔

اس دورے کے دوران وفد جرمنی کی مختلف سٹیٹس(صوبوں) کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے اور تعلیمی شعبہ سے منسلک مختلف اداروں کا دورہ کریں گے تا کہ وہ جرمن تعلیمی نظام کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کر سکیں اوراس بات کا تعین کر سکے کہ پاکستان اس جرمن تعلیمی نظام سے کیسے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :