قومی اسمبلی کی پی اے سی میں پی آئی اے کی بارسلونا اور ہانگ کانگ کیلئے بند پروازوں کا معاملہ زیر بحث آ گیا،

چوہدری پرویز الہٰی کا اجلاس میں پروازوں کی فوری بحالی کا مطالبہ ، کمیٹی نے پرویزالٰہی کی تجویز پر پی آئی اے کے خسارہ پر قابو پانے کیلئے منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں

منگل 24 فروری 2015 22:38

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں (ق) لیگ رکن قومی اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارسلونا (سپین) اور ہانگ کانگ کیلئے پی آئی اے کی پروازیں بند کرنے کے فیصلے فوری واپس لے کر انہیں بحال کیا جائے۔ منگل کو پی اے سی کے اجلاس میں پی آئی اے کے معاملات پر بحث کے دوران چودھری پرویزالٰہی نے سپین کیلئے پی آئی اے کی پروازوں کی بندش کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاں عملہ کو تنخواہیں اور کرایوں سمیت دیگر اخراجات ادا کیے جا رہے ہیں جبکہ پروازیں بند کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سے دو لاکھ پاکستانی سپین میں رہتے ہیں، بھرپور ٹریفک کے باعث یہ پروازیں خسارہ میں نہیں تھیں جبکہ پروازیں بند ہونے سے خاص طور پر ڈیڈ باڈیز پاکستان لانے کے حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑے مسائل پیدا ہو گئے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے مسائل پیدا کرنے کی بجائے انہیں سہولتیں فراہم کرے۔

(جاری ہے)

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ نے اس موقع پر بتایا کہ انہوں نے بارسلونا کیلئے پروازوں کا معاملہ وزیراعظم کو ایک خط لکھ کر اٹھایا ہے اور مجھے بتایا گیا ہے کہ حکومت بارسلونا کیلئے پروازیں بند کرنے کے معاملے پر کارروائی کر رہی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی کی تجویز پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پی آئی اے کے خسارے پر قابو پانے کیلئے مختصر اور طویل مدتی منصوبوں کی تفصیلات طلب کر لیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے۔