پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں قومی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ وقار یونس کے بھائی کے جعلی ڈگری پر پی آئی اے میں بھرتی کا انکشاف،

کمیٹی کا شدید اظہار برہمی ‘سیکرٹری ایوی ایشن اور ایم ڈی پی آئی اے نوکری سے برطرف کرنے کیخلاف متحد

منگل 24 فروری 2015 22:35

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں قومی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ اور سابق کپتان وقار یونس کے بھائی جعلی ڈگری پر پی آئی اے میں بھرتی ہونے کا انکشاف، کمیٹی کا شدید اظہار برہمی سیکرٹری ایوی ایشن اور ایم ڈی پی آئی اے مذکورہ پائلٹ کو نوکری سے برطرف کرنے کے خلاف متحد ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آڈٹ حکام نے بتایا کہ 2003ء میں فیصل یونس نامی پائلٹ کو بھرتی کیا گیا ، 3 سال بعد پتہ چلا کہ اس کی ایف سی کی ڈگری جعلی ہے، اس طرح ادارے کو ایک کروڑ 62لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جس پر سیکرٹری ایوی ایشن محمد علی گردیزی نے موقف اختیار کیا کہ کیس کی انکوائری کی تھی تین سال سنیارٹی روکی گئی ہے تاہم ایک پائلٹ پر 30 سے 35ہزار ڈالر سرمایہ کاری کی جاتی ہے، اس وقت بوئنگ 777کا فرسٹ آفیسر ہے نوکری سے نہیں نکال سکتے، جس پر کمیٹی نے کہا کہ یہ ظلم ہے ، کریمنل ایکٹ بنتا ہے۔

(جاری ہے)

شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ وہ ممبر آف پارلیمنٹ تو نہیں جو سزا ہو جاتی۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مذکورہ پائلٹ کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے وہ ڈائیوو کی بس نہیں بلکہ اس نے جہاز چلانا ہے، کمیٹی نے اگلے اجلاس میں فیصل یونس کی تمام تعلیمی اسناد طلب کرلیں۔ کمیٹی کے بار بار استفسار پر سیکرٹری ایوی ایشن نے بتایا کہ مذکورہ پائلٹ معروف کرکٹر وقار یونس کے سگے بھائی ہیں۔