وزیراعظم نے ”پمز“ ہسپتال میں سیکیورٹی کی ناقص صورتحال‘ وائس چانسلر‘ ایڈمنسٹریٹر اور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کے اختلارات کا نوٹس لے لیا ‘کیڈ کے وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم سے رپورٹ طلب کرلی

منگل 24 فروری 2015 22:35

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے ”پمز“ ہسپتال میں سیکیورٹی کی ناقص صورتحال‘ وائس چانسلر‘ ایڈمنسٹریٹر اور چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کے اختلارات کا نوٹس لے لیا ‘کیڈ کے وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم سے رپورٹ طلب کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کیڈ ڈویژن کے وزیر مملکت بیرسٹر عثمان ابراہیم کو ایک خط لکھا ہے جس میں پمز ہسپتال اور ذوالفقار علی بھٹو شہید یونیورسٹی کی صورتحال پر وزیراعظم نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خط میں پمز ہسپتال انتظامیہ کے آپس کے اختلافات کا بھی نوٹس لیا گیا ہے جس کی وجہ سے پمز کی کارکردگی متاثر ہورہی ہے اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزیر مملکت نے اس صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر اکرم جاوید ملک کے ایڈمنسٹریٹر ہسپتال ڈاکٹر الطاف حسین سے اختلافات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ ڈاکٹر الطاف حسین ڈاکٹر خلیق الزمان کو ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر ناراض ہیں۔

ڈاکٹر الطاف اور ڈاکٹر خلیق الزمان کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے ہسپتال انتظامیہ آپس میں تقسیم ہوئی ہے۔ چند روز قبل وزیر مملکت عثمان ابراہیم اور سیکرٹری خالد حنیف نے پمز کا دورہ کرکے اعلی انتظامی افسران کو اپنے اختلافات ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :