بھارت میں سوائن فلو کے کیسز کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت ،

واہگہ بارڈر ، گوردواروں ، ایئر پورٹس، ریلوے اسٹیشن پر ڈیزیز سرویلنس کے انتظامات کئے جائیں ‘ خواجہ سلمان رفیق ، مشیر صحت کی متعلقہ محکموں کے افسران اور طبی ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ فوری طور پر تشکیل دینے کی ہدایات‘اجلاس میں فیصلہ

منگل 24 فروری 2015 20:33

بھارت میں سوائن فلو کے کیسز کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں حفاظتی اقدامات ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء ) مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بھارت میں سوائن فلو کے کیسز بڑی تعداد میں رپورٹ ہونے اور اس وائرس سے مبینہ طور پر ہونے والی اموات کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں قبل از وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حفاظتی اقدامات لینے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں بھارت میں سوائن فلو کے کیسز کے پیش نظر پنجاب میں حفاظتی اقدامات کے سلسلہ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی ۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد ، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ آئی پی ایچ پروفیسر معاذ احمد ، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک ڈاکٹر اقبال شاہد ، ڈائریکٹر ہیلتھ ( سی ڈی سی ) ڈاکٹر احمد عفیفی ، ڈپٹی سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر ناصر شاکر ،ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالرزاق اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر یحیٰ نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احمد عفیفی نے بتایا کہ بھارت میں سوائن فلو کے کیسز رپورٹ ہونے کے ساتھ ہی صوبہ پنجاب میں عالمی ادارہ صحت اور سی ڈی سی اٹلانٹا کی گائیڈ لائنز اور ایس او پی کے مطابق اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں -ڈاکٹر عفیفی نے مزید بتایا کہ تمام اضلاع کے سرویلنس سٹاف کو لاہور میں ضروری تربیت اور آگاہی فراہم کر دی گئی ہے اور تمام اضلاع میں H1 N1 فلو میں استعمال ہونے والی دوائی ٹامی فلو ٹیبلٹ وافر مقدار میں فراہم کر دی گئی ہیں - خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی کہ بھارت سے آنے والے مسافروں کی سوائن فلو اور H1 N1 کے حوالے سے سرویلنس کی جائے جس کے لئے واہگہ بارڈر ،گوردواروں ، لاہور ریلوے اسٹیشن اور ایئر پورٹس پر سرویلنس کے لئے انتظامات کئے جائیں - اجلاس میں اس مقصد کے لئے محکمہ صحت ، لائیو سٹاک ،یونیورسٹی آف اینمل سائنسز ، عالمی ادارہ صحت ، ایف آئی اے ، رینجرز ، پاکستان ریلوے اور انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماہرین او ر افسران پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ فوری طو رپر تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو سوائن فلو کی روک تھام کے سلسلہ میں تمام اقدامات کی نگرانی کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :