فاٹا ریفارمزکمیشن کے ذریعے قبائلی عوام کی امنگوں کے مطابق جامع اصلاحات کوحتمی شکل دی جارہی ہے،سردارمہتاب،

فاٹا کے عوام کی معیارزندگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ قبائلی خطے کوشفاف اور موثر نظام دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے،گورنرخیبرپختونخوا

منگل 24 فروری 2015 19:40

پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ فاٹا کے عوام کی معیارزندگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ قبائلی خطے کوشفاف اور موثر نظام دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے فاٹا ریفارمزکمیشن کے ذریعے قبائلی عوام کی امنگوں کے مطابق جامع اصلاحات کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہ فاٹاریفارمزکمیشن کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں فاٹاریفارمزکمیشن کے چیئرمین سابق چیف سیکرٹری اعجاز احمدقریشی اور کمیشن کے اراکین میرلائق شاہ اورمسرت قدیم نے شرکت کی۔ کمیشن کے چیئرمین اعجاز قریشی نے اس موقع پر گورنر کو آئینی ، قانونی ،معاشی ومعاشرتی اور انتظامی امور کو بہتربنانے پرتفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

گورنرنے کمیشن کی جانب سے اب تک کی تجاویز کاجائزہ لیا۔مختلف نکات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے زوردیاکہ فاٹا کے عوام کی فلاح وبہود کوترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایاجائے تاکہ وہ بھی قومی تعمیرنو کے عمل میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ اصلاحات میں فاٹا کی ترقی کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات کو عملی شکل دیاجائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ فاٹا کے عوام کیلئے طویل المدتی بنیادوں پرمفید کمیونٹی سکولوں اور صحت کے نظام کو متعارف کرکے فاٹا کے محروم عوام کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرناچاہئیے۔گورنرنے کہاکہ اصلاحات جدید تقاضوں کے مطابق ہونے چاہئیے تاکہ فاٹا کے عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہوسکیں اور وہ مکمل طور پر اس سے مستفید ہوں۔چیئرمین فاٹا ریفارمزکمیشن اعجاز قریشی نے اس موقع پرگورنر کی جانب سے ان کی حمایت، راہنمائی اور اعتماد پرشکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :