حکمران میڈیا کو تقسیم کرنے کی سازشیں ترک کردیں اس سے انہیں خود بھی نقصان اٹھانا پڑیگا ،محمد جمیل

منگل 24 فروری 2015 18:28

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 فروری 2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ حکمران میڈیا کو تقسیم کرنے کی سازشیں ترک کردیں اس سے انہیں خود بھی نقصان اٹھانا پڑیگا ،یہاں ایک پریس ریلیز میں انہوں نے کہاحکمران جس دن سے اقتدار میں آئے ہیں صحافتی تنظیموں اور میڈیا ہاوٴسز کوآپس میں لڑانے کی سازشیں کی جارہی ہیں،میڈیا کو تقسیم کرنے کی سازشوں کا واحد مقصد کرپشن، لوٹ مار ،اقربا پروری اور دیگر ناجوازیوں سے توجہ ہٹا کر اپنے اقتدار کودوام بخشنا ہے، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو اپنی آزادی پر کسی قسم کی قدغن قبول نہیں کرنی چاہئیے اورمتحد ہوکر حکومتی سازشوں کو ناکام بنانا چاہئیے،انہوں نے کہا پیمرا حکومتی لونڈی کا کردار ادا کررہا ہے اور سچ دکھانے والے ٹی وی چینل کیخلاف چاقو چھریاں تیز کی جارہی ہیں،پی جے آئی میڈیا کیخلاف حکومت کے تمام غیر آئینی ہتھکنڈوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اگر کسی ٹی وی چینل کو بند کیا گیاتو اسکے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائیگی اور ہر سطح پر احتجاج کیا جائیگا،انہوں نے کہامیڈیا نے اپنی آزادی کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور آزادی صحافت کی جدوجہد میں میڈیا سے منسلک بہت سے افراد کو اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھونا پڑے ہیں،حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ سچ کا ساتھ دینے والے ٹی وی چینلز اور اخبارات کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنانے سے باز آجائیں اس سے انہیں سیاسی طور پر سخت نقصان اٹھانا پڑیگا اور جگ ہنسائی کے سوا کچھ بھی حاصل نہ ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :