صدیق الفاروق کی سفارش پر وفاقی حکومت نے ننکانہ صاحب کو نیا ایڈمنسٹریٹر زون بنانے کی منظوری دیدی

منگل 24 فروری 2015 17:45

لاہور(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015)متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کی سفارشات پر وفاقی حکومت نے ننکانہ صاحب کو ٹرسٹ بورڈ کا نیا ایڈمنسٹریٹر زون بنانے کی منظوری دے دی۔اپنے جاری کردہ لیٹر نمبری 9(43)2014-PI-13/2/15کے مطابق ننکانہ صاحب ٹرسٹ بورڈ کا نیاایڈمنسٹریٹر زون ہو گا جبکہ ضلع ننکانہ اور شیخوپورہ اسکے ضلعی آفس ہونگے،یاد رہے کہ چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد جب ننکانہ صاحب کا پہلا دورہ کیا تو تب ہی انہوں نے اسکی افادیت اور اہمیت کو جانتے ہوئے اسے جلد بورڈ کا نیا ایڈمنسٹریٹر زون بنانے کا اعلان کیا تھاکیونکہ پہلے یہ اضلاع لاہور کے ساتھ منسلک تھے اور مقامی افراد کو اس وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا تھا جبکہ لاہور زون پہلے ہی دیگر اضلاع پر مشتمل ہے نیا زون بننے اور ایڈ منسٹریٹر بیٹھنے سے جہاں ٹرسٹ کی لینڈ اینڈ پراپرٹی کو محفوظ بنایا جا سکے گا اور ساتھ ہی ساتھ گوردوارہ جنم استھان سمیت یہاں موجود دیگر گوردوارو ں کی حفاظت اور ہرسال آنیوالے ہزاروں یاتریوں کی مناسب دیکھ بھال و دیگر انتظامی امورکونمٹانے میں مدد ملے گی، چیئر مین بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ کے بورڈ ممبران نے بھی یہاں پر ڈویلمپنٹ اور ٹاؤن پلاننگ کی منظوری دے دی ہے ننکانہ صاحب سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے جنم استھان کی وجہ سے انکے نام سے منسوب ہے اور ہر سال بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری یہاں اپنی مذہبی رسومات ادار کرنے آتے ہیں لہذا اسکی مرکزیت جانتے ہوئے ننکانہ صاحب کو نیا ایڈمنسٹریٹر زون بنانا ضروری ہے اور بہت جلد بابا گورو نانک کے نام سے یونیورسٹی سمیت جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتا ل اور ہوٹل کا قیام بھی عمل میں آ جائے گا ،یہ امر بھی قابل غور ہے کہ یہاں ٹرسٹ بورڈ کی ہزاروں ایکٹر لینڈ اینڈ پراپرٹی موجود ہے جسکے مناسب انتظام اور کنٹرول کیلئے زیادہ سٹاف اور ایڈمنسٹریشن کی ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مقامی سکھ رہنماوٴں اور تاجر و وکلاء برادری اور سیاسی و سماجی حلقوں نے ننکانہ صاحب کو ٹرسٹ بورڈ کو نیا ایڈمنسٹریڑ زون بنانے پرچیئرمین بورڈ صدیق الفاروق کا خصوصی الفاظ میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیا ایڈ منسٹریڑ زون بننے سے مقامی افراد اور مزارعین کے بہت سے اہم مسائل حل ہونگے اور ٹرسٹ بورڈ کو بھی اسکا مالی و انتظامی فائدہ حاصل ہوگا۔