مستقبل میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے آج اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پاکستان میں صنعتی بنیاد ختم ہوجائیگی ‘ لاہور چیمبر

منگل 24 فروری 2015 17:38

لاہور ( اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگرمستقبل میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آج اقدامات نہ اٹھائے گئے تو پاکستان میں صنعتی بنیاد ختم ہوجائے گی اور ملک صرف تجارتی اشیاء کی آماجگاہ بن کر رہ جائے گا۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ توانائی کی پیداوار کے لیے روایتی ذرائع پر انحصار بحران کی اصل جڑ ہے لہذا حکومت توانائی کی پیداوار کے متبادل ذرائع پر توجہ دے۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ بائیوانرجی توانائی کے حصول کا ایک ایسا ذریعہ ہے جس سے نہ صرف توانائی کی قلت کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بائیو ماس ٹیکنالوجی کے ذریعے کوڑے کرکٹ سے وافر توانائی پیدا کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران کی وجہ سے معیشت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لہذا اس بحران پر قابو پانے کے لیے نت نئے راستے تلاش کرنا ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ گیس کے ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے اور سردیوں میں صنعتی شعبے و گھریلو صارفین کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیومیتھین کی صورت میں بائیو انرجی اور اس کی سی این جی میں تبدیلی توانائی کے شعبے میں بہت بڑی پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :