Live Updates

2015ء انتخابات کا سال ہے‘جوڈیشل کمیشن قائم نہ ہوا تو “ آزادی کنٹینر“ پھر سڑکوں پر ہو گا‘ ہم کسی صورت جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بغیر اسمبلیوں میں واپس نہیں جائیں گے‘ (ن) لیگ کی سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم کی تجویز کو سراہتا ہوں‘ خیبر پختونخواہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں خصوصی آفس قائم کریں گے‘خیبر پختونخواہ میں اتنی غیر ملکی سرمایہ کاری لائیں گے کہ وہاں سے غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خیبر پختونخواہ کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے دوبئی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

منگل 24 فروری 2015 17:32

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2015ء کو انتخابات کا سال قرار دیتے ہوئے حکومت سے پھر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جوڈیشل کمیشن قائم نہ ہوا تو “ آزادی کنٹینر“ پھر سڑکوں پر ہو گا‘ ہم کسی صورت جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بغیر اسمبلیوں میں واپس نہیں جائیں گے‘ (ن) لیگ کی طرف سے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم کی تجویز کو سراہتا ہوں‘ خیبر پختونخواہ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں خصوصی آفس قائم کریں گے‘خیبر پختونخواہ میں اتنی غیر ملکی سرمایہ کاری لائیں گے کہ وہاں سے غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

وہ منگل کو خیبر پختونخواہ میں توانائی ‘ کان کنی سمیت کئی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے 2 روزہ دورہ پر دوبئی روانگی سے قبل بنی گالا میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے آئینی ترمیم کی تجویز پر کہا کہ مجھے اب تک (ن) لیگی حکومت کے چند ہی فیصلے اچھے لگے ہیں‘آئینی ترمیم بھی اچھا فیصلہ ہے، سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کااقدام بہت اچھا ہے،(ن) لیگ کی تجویز کی حمایت کرتا ہوں، تاہم اب اس اعلان پر عمل بھی کر کے دکھایا جائے، سینیٹر بننے کیلئے لوگوں کے ضمیر نیلام کرنا جمہوریت نہیں، مجھے بھی ایک شخص نے کہا کہ 15کروڑ روپے شوکت خاتم ہسپتال کو دیتا ہوں، مجھے سینیٹرز بنا دیں، اگر مجھے آفسرز کی جا رہی ہیں تو خود سوچا جا سکتا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کتنی ہارس ٹریڈنگ ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی ایسی غلط فہمی میں نہ رہے (ن) لیگ کی اس تجویز پر پارلیمنٹ میں آ جائیں گے، جوڈیشل کمیشن کے قیام تک اسمبلیوں میں نہیں آئیں گے، حکومت کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وقت دینا چاہتے ہیں، عمران خان پیچھے ہٹنے والا نہیں، جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو آزادی بس پھر سڑکوں پر آ جائے گی،2013 کے عام انتخابات کی شفاف تحقیقات کے مطالبے سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دبئی میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کیلئے جا رہا ہوں، ان سے خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کیلئے بات کروں گا، سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کلئے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آفس قائم کریں گے، پاکستان میں صرف کے پی کے میں کرپشن پر بڑی حد تک قابو پایا گیا، دہشت گردی کی وجہ سے سر مایہ کار پاکستان کا رخ نہیں کر رہے، کراچی میں آئے دن ٹارگٹ کلنگ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی کے سے آئی ڈی پیز کی بحالی اور ان کے مسائل کے حل پر تفصیلی بات ہوئی، چاہتے ہیں کہ آئی ڈی پیز کیلئے مختص کئے گئے فنڈز ان پر ہی خرچ ہوں، اس لئے ان سے ہی لوگ چنے ہیں، سب کو اکٹھا کر کے آئی ڈی پیز کی مدد کرنا چاہتے ہیں، کراچی میں قبائلیوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، قبائلیوں کے ساتھ ایسا سلوک ختم ہونا چاہیے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات