سرسید یونیورسٹی کا کانووکیشن 14/ مارچ کو ایکسپو سینٹرکراچی میں ہوگا

منگل 24 فروری 2015 16:58

کراچی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا سالانہ کانووکیشن 14/ مارچ 2015ء کو ایکسپو سینٹرکراچی میں منعقد ہو گا جس میں کمپیوٹر انجینئرنگ ،الیکٹرونک انجینئرنگ ، سول انجینئرنگ ،ٹیلی کمیونکیشن انجینئرنگ ، بایو میڈیکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس کے طلباء کو ڈگریاں تفویض کی جائیں گی۔ سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی کی زیرِ صدارت منعقدہ حالیہ اجلاس میں کانووکیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں رجسٹرار سید ابرار علی ،ڈین آف انجنیئرنگ اور مختلف شعبوں کے چیرمین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید جاوید حسن رضوی نے کہا کہ کانووکیشن طلباء کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور سرسید یونیورسٹی کے گریجوئٹس نہ صرف اپنے ملک میں، بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انڈسٹریل سیکٹر سے یونیورسٹی کے خوشگوار روابط کی وجہ سے ہمارے طلباء کو ملازمتوں کے شاندار مواقع دستیاب ہیں۔سرسید یونیورسٹی کا ڈگری پروگرام ہائر ایجوکیشن آف پاکستان اور پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظورشدہ ہے اور یونیورسٹی کامن ویلتھ یونیورسٹیز اور یونیسکو اسپانسرڈ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف یونیورسٹیز کی مکمل رکنیت رکھتی ہے۔سرسیّد یونیورسٹی مستحق طلباء و طالبات کو قابلیت و ضرورت کی بنیاد پر وظائف اور مالی امداد بھی فراہم کرتی ہے اور اسکالرشپ کی مدمیں مختص رقم میں ہر سال خاطرخواہ اضافہ کیا جاتا ہے۔ رواں مالی سال کے لیئے طلباء کی مالی امداد اور وظائف کی مد میں ایک خطیررقم مختص کی گئی ہے۔