ورلڈ کپ 2015ء ، ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 73 رنر سے مات دیدی

منگل 24 فروری 2015 16:41

ورلڈ کپ 2015ء ، ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 73 رنر سے مات دیدی
کینبرا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24۔فروری 2015ء ) ورلڈ کپ کرکٹ 2015ء کے 15ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 73رنز ہرا دیا ہے ۔ منوکا اوول ،کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تاہم انکا آغاز کچھ اچھا ثابت نہ ہوا اور اوپنر ڈیون سمتھ بغیر کوئی رنز بنائے پنینگا را کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ انکے آؤٹ ہونے کے بعد مارلن سیمیولز نے کرس گیل کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 372رنز کی ریکارڈ پارٹنر شپ قائم کرکے راہول ڈریوڈ اور سارو گنگولی کا1999ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف 331رنزکا ریکارڈ توڑ دیا ،سیمیولز اور گیل کی 372رنز کی پارٹنر شپ ورلڈ کپ میں کسی بھی وکٹ کے لیے بھی سب سے بڑی پارٹنر شپ بن گئی ہے ، اس سے قبل سارو گنگولی اورراہول ڈریوڈ نے 1999ء کے میگا ایونٹ میں سری لنکا کے خلاف 318رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی ۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 372رنز بنائے ،کرس گیل 147گیندوں پر 16چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 215رنز بنانے کے بعد اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ مارلن سیمیولز نے بھی اپنے ایک روزہ کیریئر کی 8ویں سنچری سکور کی ۔ وہ 133رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ زمبابوے کی جانب سے پنینگارا اور مساکاڈزا نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ 373رنزکے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور 18رنز پر اسکے 2کھلاڑ ی پوویلین لوٹ گئے تاہم اس موقع پر بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا ، میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت زمبابوے کو کامیابی کے لیے 48اوورز میں 363رنز کا ہدف ملا تاہم زمبابوے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 44.3اوورزمیں 289رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔

زمبابوے کی جانب سے سین ولیمز 76،کریگ اروائن 52اور برینڈن ٹیلر 37رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر اور ہولڈر نے 3،3، کرس گیل نے 2جبکہ سیمیولز اور ملر نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ کرس گیل کو انکی شاندار آل راؤنڈ کاکر دگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔