سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی تنازعات حل کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان

منگل 24 فروری 2015 15:08

نیویار ک (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015 )پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عالمی تنازعات حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بین الاقوامی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے اقوام متحدہ کے منشور کی اہمیت سے متعلق بحث میں حصہ لیتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مندوب صاحبزادہ احمد خان نے کہا کہ عالمی ادارے کی قراردادوں پرعملدرآمد سے دنیا میں امن واستحکام کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کے ناقابل تنسیخ حقوق بالخصوص حق خودارادیت دئیے جانے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں یکساں عملدرآمد کیلئے راہ ہموارہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن فوج کے لئے فوجی فراہم کرنے والابڑا ملک ہے اور دنیا میں قیام امن کیلئے اس سے ایک سو چالیس سے زائد فوجیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ بڑی تعداد میں فوجی زخمی ہوئے۔