ملک سے ہر قیمت پر دہشت گردی کے خاتمے کا مکمل عزم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے‘ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے ہم نہ کسی دوسرے ملک میں مداخلت کریں گے نہ کسی کو اپنے ملک میں مداخلت کرنے دینگے‘ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بھی انجام تک پہنچائینگے

وزیر اعظم نواز شریف کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں بات چیت ‘ پیشہ وارانہ امور‘ آپریشن ضرب عضب‘ افغان طالبان اور امریکیوں میں مذاکراتی عمل‘ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کو جلد ان کے علاقوں میں واپس بھجوانے پر اتفاق

منگل 24 فروری 2015 14:12

اسلام آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے ہر قیمت پر دہشت گردی کے خاتمے کا مکمل عزم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے‘ پاکستان امن پر یقین رکھتا ہے ہم نہ کسی دوسرے ملک میں مداخلت کریں گے نہ کسی کو اپنے ملک میں مداخلت کرنے دینگے‘ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بھی انجام تک پہنچائینگے ۔

وہ منگل کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ ملاقات میں پیشہ وارانہ امور اور آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال کیا گیا‘ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کو جلد ان کے علاقوں میں واپس بھجوانے پر اتفاق ۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ کابل اور متحدہ عرب امارات کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی‘ ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطہ کی مجموعی صورتحال اور خاص طور پر افغان طالبان اور امریکہ میں قطر میں شروع ہونے والے مذاکراتی عمل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں سیاسی و عسکری قیادت نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ پرامن افغانستان پورے خطے کے مفاد میں ہے اور پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے ہر کوشش کی مکمل حمایت کریگا۔ ملاقات میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے چاروں صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے ہجرت کرنے والے آئی ڈی پیز کی بحالی کے کئی منصوبوں پر بھی غور کیساتھ ساتھ نقل مکانی کرنے والے افراد کو جلد ان کے آبائی علاقوں میں واپس بھیجنے پر اتفاق کیا گیا۔