مشکل دور ماں کی ذمہ داریاں نبھانے کا دور ہوتا ہے‘ کاجول

منگل 24 فروری 2015 11:49

مشکل دور ماں کی ذمہ داریاں نبھانے کا دور ہوتا ہے‘ کاجول
ممبئی (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015)بالی وڈ کی بہترین اداکاراوٴں میں شمار ہونے والی اداکارہ کاجول شادی اور پھر ماں بننے کے بعد بڑے پردے سے ایک عرصے سے دور رہی ہیں۔تاہم اس دوران بھی وہ بعض کمپنیوں کے ساتھ اشتہار سے منسلک رہیں۔اطلاعات کے مطابق اب کاجول جلد ہی اپنی ہوم پروڈکشن کے تحت ایک فلم کی شوٹنگ جولائی سے شروع کر رہی ہیں۔اداکارہ کاجول کے خیال میں سب سے مشکل دور ماں کی ذمہ داریاں نبھانے کا دور ہوتا ہے۔

کاجول خواتین اور مرد دونوں کو بچوں کی دیکھ بھال کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ ’بچے آپ کو زیادہ ذمہ دار بنا دیتے ہیں۔بالی وڈ میں حمل سے ہونے کی بات چھپانے کے سوال پر انھوں نے کہا: ’ہم جس پروفیشن میں ہیں وہاں اپنی صورت پر توجہ دینا بہت ضروری ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ایسے میں جب ہم باہر آتے ہیں اور پیٹ باہر نکلا ہوا نظر آتا ہے تو خود کو عجیب محسوس ہوتا ہے۔

تاہم، کاجول نے عام خواتین کو بھی ان میں شامل کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسا صرف اداکاراوٴں کے ساتھ ہی نہیں ہے بلکہ عام لڑکیوں کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔شادی کرنے اور ماں بننے کے بعد اداکاراوٴں کو کام کم ملنے کے سوال پر کاجول نے کہاکہ مجھے تو اس قسم کی دقت پیش نہیں آئی۔تاہم انھوں نے اس سرے سے مسترد بھی نہیں کیااور طنزا کہاکہ یہ دقت فلم انڈسٹری کی نہیں ہے بلکہ یہ معاشرے کی سوچ کا نتیجہ ہے۔

انھوں نے مزید کہاکہ معاشرے میں بڑی عمر کا مرد اور چھوٹی عمر کی خاتون کی جوڑی کو پسند کیا جا سکتا ہے، لیکن بڑی عمر کی خاتون اور کم عمر کے مرد کی جوڑی کو مسترد کردیا جاتا ہے۔کاجول نے اب تک کے اپنے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اب چار گانوں کے ساتھ درختوں کے پیچھے ناچنے والے کردار کرنے کی خواہش نہیں۔ اب کچھ اچھی تجاویز ملیں گی تو ہی مجھے قبول ہوں گی۔ہوم پروڈکشن کی ذمہ داری کے بارے میں کاجول کا کہنا ہے کہ ’فی الحال تو سب کچھ اجے ہی سنبھال رہے ہیں۔ مجھے اتنا وقت نہیں ملتا۔