اہلحدیث جماعتوں نے علماء پر جھوٹے اور بلاجواز مقدمات کے خلاف ”اہلحدیث ایکشن کمیٹی“ تشکیل دیدی

پیر 23 فروری 2015 23:31

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء )اہلحدیث جماعتوں نے علماء پر جھوٹے اور بلاجواز مقدمات کے خلاف ”اہلحدیث ایکشن کمیٹی“ تشکیل دی ہے اور اس امر کا فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں علماء کے خلاف قائم کئے گئے بلا جواز مقدمات کے خلاف بھرپور قانونی جنگ لڑی جائے گی۔ ایکشن کمیٹی کا ہیڈ آفس جامع مسجد القدس دالگراں چوک ہو گا‘ جلد علماء کنونشن کا بھی انعقاد کیاجائے گا اور اگلا مشاورتی اجلاس مرکزاہلحدیث راوی روڈ میں ہوگا۔

گذشتہ روز امیر جماعت اہلحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پروفیسر عبدالرحمن لدھیانوی،میاں محمد جمیل، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، قاری یعقوب شیخ،رانا نصر اللہ خاں، شیخ نعیم بادشاہ، شکیل الرحمن ناصر، حافظ خالد شہزاد فاروقی، پروفیسر مطیع اللہ باجوہ،مولانا شاہد محمود جانباز،محمد علی یزدانی و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران متفقہ طور پرحکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ مختلف شہروں میں علماء پر بنائے گئے بے بنیاد مقدمات ختم کئے جائیں۔ اس حوالہ سے ایکشن کمیٹی کا ایک وفدبھی تشکیل دیاجارہا ہے جو حکومتی ذمہ داران سے ملاقات کر کے انہیں بلاجواز مقدمات سے متعلق آگاہ کرے گا۔اجلاس میں مشترکہ طور پر اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ باہمی مشاورت سے جلد علماء کنونشن کا بھی انعقاد کیاجائے گاجس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔