24ارکان پارلیمنٹ کا بیرون ملک 1.4ارب کے اثاثوں کی موجودگی کا اعتراف،

گوشوارے میں 1173میں سے 715نے کوئی جواب ہی نہ دیا، 80 فیصد سے زیادہ اراکین نے آمدنی میں گزشتہ سال میں اضافہ یا کمی کا کوئی جواب نہ دیا، آزاد ایم این اے جمشید دستی نے پورے فارم کو ہی خالی چھوڑدیا،ذرائع

پیر 23 فروری 2015 23:27

24ارکان پارلیمنٹ کا بیرون ملک 1.4ارب کے اثاثوں کی موجودگی کا اعتراف،

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 1173منتخب اراکین میں سے715 نے گوشواروں کے فارم میں اپنے غیر ملکی اثاثوں بارے سوال کاکوئی جواب نہیں دیا جبکہ 24اراکین نے اعتراف کیاکہ ان کے بیرون ملک اثاثے موجود ہیں تاہم ان میں کسی بھی رکن کا تعلق بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے نہیں۔ آزاد ایم این اے جمشید دستی نے پورے فارم کو ہی خالی چھوڑدیا۔

سوال میں بیرون ملک جائیداد کی تفصیل نہیں مانگی گئی بلکہ صرف ہاں یا ناں میں جواب مانگا گیا تھا۔ 80 فیصد سے زیادہ اراکین نے اس سوال کا جواب بھی نہیں دیا کہ آیا ان کی آمدنی گزشتہ ایک سال میں بڑھی یا کم ہوئی،24 اراکین کے اعلان کردہ بیرون ملک اثاثوں کی مالیت1.4ارب روپے ہے۔ ان میں سے 620 ملین روپے کی جائیداد 6 ایم این ایزکی ملکیت ہے،62ملین کی جائیداد 4 سینیٹرز، 500ملین روپے کی جائیدادپنجاب اسمبلی کے 7 اراکین جبکہ 215 ملین کی جائیدادسندھ اسمبلی کے 7 اراکین کی ملکیت ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق بیرون ملک اثاثے رکھنے والے 4 سینیٹرز میں رحمن ملک کی برطانیہ میں3.39ملین کی جائیدادہے، عبدالنبی بنگش کی متحدہ عرب امارات میں 25 ملین کی جائیداد، عباس آفریدی کا افغانستان اوردبئی میں23ملین کا بزنس ہے جبکہ جعفراقبال کابرطانیہ میں9ملین کاگھر ہے۔ 6ایم این ایزمیں ملک اسدکا بنکاک میں110ملین کافلیٹ، جعفراقبال کا ناروے میں26ملین کا ایک فلیٹ اورگاڑی ہے، باسط بخاری کے بیرون ملک ٹرانسپورٹ کمپنی میں0.8ملین کے شیئرزہیں، سہیل منصورکے متحدہ عرب امارات میں 2، لندن میں ایک اورکینیڈامیں 3 فلیٹ ہیں جن کی مالیت71ملین ہے، امیر حیدر ہوتی کو یو اے ای سے8ملین روپے ملے جبکہ پیرصدرالدین شاہ کاخاندان بیرون ملک ایک گھرکا مالک ہے جس کی مالیت186ملین ہے۔

پنجاب اسمبلی کے 7 اراکین میں سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی لندن میں153ملین مالیت کی 2 جائیدادیں ہیں، چوہدری لال کی برطانیہ میں 170ملین کی جائیدادہے، عامر عنایت کی یواے ای میں3 ملین، عبدالقدیرعلوی کی یو اے ای میں8 ملین، علی رضاکا لندن میں60ملین کافلیٹ ہے، احسان الحق کادبئی میں70ملین کاسوئٹ ہے جبکہ عمرجعفرکا لندن میں10ملین کا سوئٹ ہے۔

سندھ اسمبلی کے بیرون ملک اثاثے رکھنے والے اراکین میں مسرور احمد کی17ملین کی جائیداد، فصیح احمد کادبئی میں 18 ملین کا فلیٹ، نادر علی کا امریکا میں9ملین کا گھر، مخدوم رفیق کی برطانیہ میں35ملین کی جائیداد، شرجیل میمن کے پاس 25 ملین مالیت کے 2 فلیٹ دبئی میں ہیں جبکہ ان کی بیوی کے نام پر 99ملین کا ایک ولا دبئی میں ہے۔ اویس مظفر اور ان کی اہلیہ کے دبئی میں 5ملین کے 2 فلیٹ ہیں، محمد عبدل کا مدینہ میں 2 ملین کا بزنس ہے جبکہ عرفان اللہ خان کی بیرون ملک10لاکھ کی جائیداد ہے۔

متعلقہ عنوان :