Live Updates

پی ٹی آئی کا سینٹ الیکشن میں آر اوز کو سیکشن 20کو نظرانداز کرنے کا خط لکھنے پر الیکشن کمیشن کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان،

حکومت آئینی ترمیم لانے میں واقعی سنجیدہ ہے تو فوری طور پر پارلیمان میں پیش کرے  شیریں مزاری

پیر 23 فروری 2015 23:18

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے سینٹ الیکشن میں آر اوز کو سیکشن 20کو نظرانداز کرنے کا خط لکھنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے مطالبے پر سینٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کو روکنے کیلئے کابینہ نے آئینی ترمیم کا فیصلہ کیا ہے جس کی پارلیمان سے فوری منظوری کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئینی ترمیم لانے میں واقعی سنجیدہ ہے تو اسے فوری طور پر پارلیمان میں پیش کرے اور سینٹ انتخابات سے قبل اس کی منظوری یقینی بنائے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر حکومت سینٹ انتخابات سے قبل مذکورہ آئینی ترمیم کے ذریعے سینٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی میں ناکام رہتی ہے تو آئینی ترمیم لانے کے اس حکومتی اعلان کو محض سیاست ہی سمجھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنی گفتگو کے دوران ترمیمی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی یقینی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما نے کہاکہ 21ویں آئینی ترمیم کے طرح اس معاملہ پر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور متفقہ طور پر سینٹ انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام سے مشروط ہے۔

حکومت اگر عام انتخابات کی شفافیت کی قائل ہے تو فوری طور پر کمیشن کے قیام کا اعلان کرے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے مختلف سطح پر روابط قائم کیے جا رہے ہیں، البتہ اس ضمن میں اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت نہ ہو سکی۔ پنجاب میں سینٹ انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کی حمایت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے ایسے کسی آپشن کو خارج از امکان قرار دیا اور کہا کہ تحریک انصاف پنجاب اسمبلی سے مستعفی ہو چکی ہے چنانچے سینٹ انتخابات میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات