تمام مقدمات کی تفتیش کو انتہائی غیرجانبدارانہ اقدامات سے جلدازجلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے، غلام قادرتھیبو

پیر 23 فروری 2015 23:02

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) سینٹرل پولیس آفس میں ہونے والے ایک اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادرتھیبو نے شہر میں امن وامان کی صورت حال سمیت جرائم کے خلاف درج مقدمات کی تفتیش کا کیس ٹو کیس جائزہ لیا اور اس حوالے سے مزید ضروری ہدایات دیں۔ اجلاس میں تینوں زونل ڈی آئی جیز،ڈی آئی جی سی آئی اے، ایس ایس پی ایس آئی یو، ضلعی ایس ایس پیز انویسٹی گیشن اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

غلام قادر تھیبو نے کہا کہ تمام مقدمات کی تفتیش کو انتہائی غیرجانبدارانہ اقدامات سے جلدازجلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ متاثرین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنل وانویسٹی گیشن پولیس باہم مل کر جرائم کے خلاف پولیس حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مزید موثر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی سطح پر عوام اور پولیس کے مابین دوستانہ ماحول کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرتے ہوئے جرائم کی بیخ کنی کو یقینی بنایا جاسکے۔