مسافربسوں اورنجی گاڑیوں میں لگے ہوئے گیس سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں جو انسانوں کوموت کی نیندسلا رہے ہیں،الطاف حسین،

عوام خدارا اپنی گاڑیوں اورہرقسم کی ٹرانسپورٹ میں سے گیس سلنڈر فی الفورنکلواکر انہیں پیٹرول اور ڈیزل پر منتقل کردیں

پیر 23 فروری 2015 22:41

لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تمام پاکستانیوں کومخاطب کرتے ہوئے ان سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ خدارا وہ اپنی اپنی کاروں،جیپوں، بسوں، ویگنوں،کوچزاورہرقسم کی ٹرانسپورٹ میں سے گیس کے سلنڈر فی الفورنکلواکر انہیں واپس پیٹرول اور ڈیزل پر منتقل کردیں۔ پیرکوایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی اورارکان پارلیمنٹ سے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ مسافربسوں اورنجی گاڑیوں میں لگے ہوئے سی این جی اورایل پی جی کٹ کے یہ گیس سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں جونہ صرف انسانوں کوموت کی نیندسلادیتے ہیں بلکہ ان کی لاشوں کوناقابل شناخت بھی بنادیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پہلے ہی دہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملوں اوربم دھماکوں کانشانہ بناہواہے دوسری طرف ان گیس سلنڈروں کی شکل میں عوام نے خودچلتے پھرتے بموں کوا پنی گاڑیوں میں فٹ کرلیاہے ان ناقص گیس سلنڈروں کے پھٹ جانے کی صورت میں گاڑی والے نہ صرف خود جاں بحق ہوتے ہیں بلکہ درجنوں مسافروں کو بھی موت کی نیندسلادیتے ہیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان چلتے پھرتے بموں سے بچنے کاطریقہ یہی ہے کہ انہیں گاڑیوں سے فی الفورنکلواکرگاڑیوں کو واپس پیٹرول یاڈیزل پرمنتقل کردیا جائے ۔

انہوں نے عوام سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ ایسی بسوں، ویگنوں،کوچزاوریگرگاڑیوں میں سفرکرنے سے بھی گریزکریں جوگیس سلنڈروں پر چلائی جاتی ہیں۔ الطاف حسین نے وفاقی وصوبائی حکومتوں کے سربراہوں سے اپیل کی کہ گیس سلنڈروں سے ہونے والے دھماکوں سے بچاوٴکیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،کچھ دنوں کانوٹس دیکر گیس سلنڈروں پرچلنے والی گاڑیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کااعلان کیاجائے تاکہ ان چلتے پھرتے بموں کے دھماکوں سے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں سے بچاجاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ اگروفاقی وصوبائی حکومتوں نے اس سلسلے میں کوئی آرڈی ننس یا قانون تشکیل نہیں دیتی توگیس سلنڈروں سے معصوم شہریوں کی ہونے والی ہلاکتوں میں وہ بھی برابرکی ذمہ دار قرارپائے گی۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی ، تمام تنظیمی شعبہ جات اورارکان پارلیمنٹ پر ذوردیاکہ وہ گیس سلنڈروں سے ہونے والی تباہی اوراس سے پہنچنے والے نقصانات سے بچنے کیلئے عوام میں ہرسطح پر آگاہی کے لئے مہم چلائی جائے اور اس معاملے کوپارلیمنٹ سمیت ہرسطح پراٹھایاجائے ۔