حق نوازشہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف 27 جنوری کو پی ٹی آئی کے کارکنان فیصل آباد میں احتجاج کرینگے ، پی ٹی آئی ،

فیصل آباد میں کئی مہینوں سے ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جس میں فیصل آباد کا بہت بڑا سیاسی گھرانہ ملوث ہے ‘تحریک انصاف ، پولیس حق نواز شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے‘رہنماؤں کا ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 23 فروری 2015 22:34

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے رہنماؤں نے کہاکہ حق نوازشہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف 27 جنوری کو پی ٹی آئی کے کارکنان ، عہدیدران ، ڈسی او فیصل آباد کے آفس کے سامنے احتجاج کریں گے، احتجاج میں صوبے بھر سے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوں گے،فیصل آباد میں کارکنوں کی گرفتاریاں بند کی جائیں ۔

ان خیالا ت کا اظہار صدر اعجازاحمدچوہدری ، سیکرٹری انفارمیشن عندلیب عباس ، ضلعی صدر فیصل آباد رانا احمدراحیل منہاس، ایم پی اے شیخ خرم شہزاد، ظاہر چوہدری، راناساجد شوکت،عطاء محمد ،حاجی راسم ، ثوبیہ کمال، ڈاکٹر عاطف الدین ، چوہدری عمر کسانہ اور سعدیہ سیف کے ہمراہ پنجاب سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے کہاکہ فیصل آباد میں کئی مہینوں سے ٹارگٹ کلنگ جاری ہے جس میں فیصل آباد کا بہت بڑا سیاسی گھرانہ ملوث ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس حق نواز شہید کے قاتلوں کو گرفتار کرنے کی بجائے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے ۔میں پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ علی اصغر المعروف بھولا گجر کے قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے ورنہ میں یکم مارچ کو قاتلوں کو بے نقاب کروں گا۔ 8دسمبر کو (ن) لیگ کے غنڈوں نے پی ٹی آئی کے جلوس میں گھس کر غنڈہ گردی اور فائرنگ کی جس سے پی ٹی آئی کا ایک کارکن حق نواز شہید اور درجنوں کارکن زخمی ہو گئے ،فرسود ہ نظام قاتلوں کو تحفظ دے رہا ہے جبکہ مقتول کے لواحقین کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں، رانا ثناء اللہ اور ڈی سی او کو پولیس نے تفتیش کے دوران بے گناہ قرار دے دیا ہے ، ریاستی دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، پنجاب میں 55 فیصد سنگین جرائم میں اضافہ ہوا ہے جس میں فیصل آباد بھی شامل ہے۔

سانحہ ماڈ ل ٹاؤن میں ظلم و بربریت کی انتہاء کر دی گئی ، قاتل دندناتے پھر رہے ہیں ، صوبے بھر میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ پنجاب کے حکمرانوں میں رتی بھر بھی شرم ہے کہ تو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ نہ بنیں، ظلم کی اخیر ہو چکی ہے ۔ سیاسی کارکنان کا قتل عام ہو رہا ہے کوئی روکنے اور پوچھنے ولا نہیں، ریاستی دہشتگردی اور قاتل عدالتوں میں اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہیں ۔

دہشتگرداور قاتل حکومتی حصار کی آڑ لے کر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں ، پولیس اور حکومت انہیں تحفظ دے رہی ہے، بھولا گجر(ن) لیگ کا کارکن اور مارکیٹ کمیٹی کا صدر بھی رہ چکا ہے۔دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے بھولا گجر کے قاتلوں کے بارے میں پولیس کو بتایا ہے ۔ اب حکومت پنجاب اور پولیس کی ذمہ داری ہے کہ قاتلوں کا پردہ چاک کرے ورنہ تحریک انصاف بھولے گجر کے قاتلوں کو بے نقاب کردے گی۔