حیدری میں ہر اتوار کو موٹر سائیکلوں کا لگنے والا بازار غیر قانونی ہے،شرجیل میمن،

بلدیہ عظمی نے اس کی اجازت نہیں دی ، علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کی وجہ سے بازار کو قانونی اجازت نامہ دے کر دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا،صوبائی وزیر اطلاعات

پیر 23 فروری 2015 21:39

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے حیدری میں ہر اتوار کو موٹر سائیکلوں کا لگنے والا بازار غیر قانونی ہے ۔ بلدیہ عظمی کراچی نے اس کی اجازت نہیں دی ہے ۔ علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کی وجہ سے اس بازار کو قانونی اجازت نامہ دے کر دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا ۔

یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن جمال احمد کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر بتائی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ موٹر سائیکلوں کے اس بازار سے ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے ۔ ٹریفک پولیس کو اس پر کارروائی کرنی چاہئے ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہاکہ غیر قانونی کام کو قانونی بنانے کی بجائے پہلے اسے بند کرایا جائے اور اس کے لیے ٹریفک پولیس کی کارروائی کا انتظار نہ کیاجائے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رکن انجینئر صابر حسین قائم خانی کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر وزیر خزانہ سید مراد علی شاہ نے کہاکہ رواں مالی سال میں حیدرآباد کے لیے مرمت اور مینٹی ننس کے بجٹ میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ گذشتہ مالی سال کے دوران ہائی ویز اور بلڈنگز کے لیے ایم اینڈ آر کی مد میں 1.137 ارب روپے مختص کیے گئے تھے لیکن رواں سال کے دوران اس مد میں 2.29 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ ایم کیو ایم کی رکن عائشہ خاتون کے توجہ دلاوٴ نوٹس پر سینئر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ضلع خیرپور میں 14 بند اسکولز کھولے گئے ہیں ۔ وہاں نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ تعینات کیے گئے ہیں ۔ 2 بند اسکولز اس لیے نہیں کھولے جا سکے کہ وہاں کی آبادی کہیں اور منتقل ہو گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :