اگست 2015ء تک ملک کے سیاسی نظام میں شدید اتار چڑھاوٴ آئیں گے ،منظور حسین وسان

پیر 23 فروری 2015 21:36

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) سندھ کے وزیر جیل خانہ جات ، معدنیات و معدنی ترقی اور انسداد بدعنوانی منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ اگست 2015ء تک ملک کے سیاسی نظام میں شدید اتار چڑھاوٴ آئیں گے ۔ وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ منظور حسین وسان نے کہا کہ خیرپور میں پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) بعض پولیس افسران کے ساتھ ملی بھگت کرکے پیپلز پارٹی کے مقامی کارکنوں کو ہراساں کر رہی ہے اور پولیس نارا تحصیل کے کارکنوں پر دباوٴ ڈال رہی ہے کہ وہ پیر پگارا کی درگاہ پر حاضری دیں اور کام کریں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں خود اس بات پر حیرت زدہ ہوں کہ تھانہ اے سیکشن کی زمین پر کس طرح پلازہ تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد بدعنوانی وزیر کی حیثیت سے میں ساون گیس فیلڈ میں پولیس کی جانب سے ماہانہ بھتہ وصولی کی خبروں اور تھانہ اے سیکشن کی زمین پر شاپنگ پلازہ کی تعمیر کی انکوائری کرواوٴں گا ۔ انہوں نے کہا کہ جرم اور مجرم کے بارے میں میں صفر برداشت کا حامی ہوں اور مجرم خواہ کوئی بھی ہو ، اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ جرائم سے نمٹنے کے معاملے میں ذاتی پسند اور نا پسند کا عمل دخل نہیں ہونا چاہئے ۔