محکمہ بلدیات میں کسی بھی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،شرجیل میمن،

گھوسٹ ملازمین کے خاتمے پر ہی دم لیا جائیگا،کمشنر کراچی کی سربراہی میں مانٹرنگ ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے ،کسی بھی کوتاہی پر کسی کو معاف نہیں کیا جائیگا،وزیر اطلاعات سندھ

پیر 23 فروری 2015 21:36

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء ) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات میں کسی بھی گھوسٹ ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے خاتمے پر ہی دم لیا جائے گا۔کمشنر کراچی کی سربراہی میں مانٹرنگ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ صاف ستھرا اور پرامن سندھ بنانے کے عزم کے ساتھ پیر سے جس مہم کا آغاز کیا جارہا ہے ،یہ مہم ایک سال تک جاری رکھی جائے گی۔

مہم صرف صفائی تک ہی محدود نہیں رہے گی بلکہ اس دوران غیر قانونی بل بورڈز، تجاوزات کا خاتمہ اور کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام اضلاع نہیں شجرکاری مہم بھی سال بھر جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے قدیم علاقے پاکستان چوک پر خود جھاڑو لگا کر مہم کا آغاز کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی، آرٹس کونسل آف پاکستان کے صدر میونسپل کمشنرکراچی مسعود عالم، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سلیم راجپوت، ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ افضال زیدی، میونسپل کمشنر ساؤتھ محمد رئیسی، اے سی ساؤتھ محمد عاصم کے علاوہ دیگر بھی ان کے ہمراہ بھی موجود تھے۔

قبل ازیں شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میں پودہ لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سنئیر وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہارالحسن، فیصل سبزواری، ارکان سندھ اسمبلی امداد پتافی، فیاض بھٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے خود جھاڑو لیکر سڑک پر صفائی کی مہم کا آغاز کیا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی ذمہ دار ی ہماری ہے اور ہم اپنی اس ذمہ داری کو پورا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے ذریعے ہم اپنے شہر اور صوبے کے ماحول کو جہاں آلودگی سے پاک کرسکتے ہیں وہاں اس شہر اور صوبے میں پودے لگا کر ہم اس صوبے کو خوبصورت اور پر فضا بھی بنا سکتے ہیں اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی، این جی اوز ، میڈیا اور خود عوام کو بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم گو کہ نام سے ہفتہ کے لئے نظر آتی ہے لیکن یہ مہم آئندہ ایک سال تک جاری رہے گی اور اس کے پہلے مرحلے میں صوبے بھر میں چھ لاکھ جبکہ صرف کراچی میں ایک لاکھ سے زائد پودے شہر بھر میں لگائے جارہے ہیں اور اس کے بعد ماہانہ تمام اضلاع میں ایک ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ساتھ ساتھ تمام غیر قانونی بل بورڈز، شہر بھر میں قائم تجاوزات اور وال چاکنگ کا بھی خاتمہ کیا جائے گا اور بلا تفریق اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کی کراچی میں نگرانی کے لئے کمشنر کراچی جبکہ دیگر اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور وہ نا صرف صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے تحصیل اور ٹاؤنز کی سطح پر کئے جانے والے اقدامات کی نگرانی کریں گے بلکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ایڈمنسٹریٹر، میونسپل کمشنر یا ٹاؤن میونسپل کمشنرز کے خلاف کارروائی اور انہیں وہاں سے ہٹانے کے بھی مجاز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام اور بالخصوص میڈیا کو اس مہم کو اوون کرنا ہوگا اور میڈیا مالکان جہاں جہاں ہماری کوتاہیاں ہوں وہاں ضرور نشاندہی کریں تاہم جہاں جہاں کام ہورہا ہو اس کو بھی ہائی لائٹ کریں۔ انہوں نے میڈیا سے استدعا کی کہ وہ 24 گھنٹے میں صرف 5 منٹ اس صوبے کے عوام میں شعور کو اجاگر کرنے اور انہیں صفائی ستھرائی، شجر کاری سمیت دیگر سے آگاہی کے لئے خصوصی پروگرام نشر کریں۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس مہم کو زیادہ سے زیادہ کامیاب بنانے کی غرض سے ہم نے سول سوسائٹی، تاجروں، صنعتکاروں، کھلاڑیوں، فنکاروں سمیت تمام شعبہء ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں سے رابطے شروع کردئیے ہیں اور بالخصوص ہمارے تعلیمی اداروں میں بھی اس مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ مشکلات گھوسٹ ملازمین کے باعث درپیش ہیں اور اس سلسلے میں اب سخت فیصلے لئے گئے ہیں اور اس بات کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے کہ یا تو یہ گھوسٹ ملازمین ختم ہوں گے ورنہ میں خود اس وزارت کو چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اب جو بھی سرکاری ملازم کام نہیں کرے گا یا اپنی ڈیوٹیوں پر نہیں آئے گا وہ سرکاری ملازم نہیں رہے گا اور نہ ہی سرکار ایسے گھوسٹ ملازمین کو تنخوائیں دے گی اور اس سلسلے میں کمشنراور ڈپٹی کمشنرز کو تمام تر اختیارات دے دئیے ہیں کہ وہ سیاسی یا کسی اور دباؤ کے آئے بغیران کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جذبے اور نیت کو دیکھا جائے اور عوام بھی ہمارے جذبے اور نیت کو دیکھتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور اس شہر اور صوبے کو صاف ستھرا بنانے اور یہاں پر خوبصورتی کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وہ ود روزانہ کی بنیاد پر اس مہم میں شامل ہوں گے اور کسی بھی کوتاہی پر متعلقہ ذمہ دار افسر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔