پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جارہے ہیں، سینیٹرعبدالنبی بنگش،

قدرتی وسائل کے استعمال میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ، چیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے قدرتی وسائل وگیس

پیر 23 فروری 2015 19:02

کرک (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23 فروری 2015ء )سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قدرتی وسائل وگیس کے چیئرمین سینیٹرعبدالنبی بنگش نے کہاہے کہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کئے جارہے ہیں،قدرتی وسائل کے استعمال میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اور ان وسائل کوضائع کرنے والوں کیخلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائیگی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے کرک میں قائمہ کمیٹی برائے قدرتی وسائل وگیس کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرسینیٹرروزی خان کاکڑ،قدرتی وسائل وگیس کے محکموں کے افسران کے علاوہ سیاسی عمائدین بھی موجودتھے۔چیئرمین برائے قائمہ کمیٹی سینیٹرعبدالنبی بنگش نے کہاکہ کرک میں برن ہسپتال کی تعمیرکاپی سی ون تیارہوچکاہے اوربہت جلدہسپتال کی تعمیرکاکام شروع ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ ہسپتال میں اچھے ماہرڈاکٹروں کی تعیناتی کی جائیگی تاکہ گیس وتیل تلاش کرنے والے ملازمین کوصحت کی بہترسہولیات فراہم ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ کرکے میں تیل کی چوری کافوری نوٹس لیکرملوث افراد کیخلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔اجلاس میں بتایاگیاکہ وفاق نے گزشتہ چھ سالوں کے دوران خیبرپختونخواکومجموعی طورپر80.435ملین روپے اداکئے گئے ہیں جس میں10فیصدفنڈزان اضلاع کوترقیاتی کاموں کیلئے دیئے گئے ہیں جن میں تیل وگیس کے ذخائرپائے جاتے ہیں جبکہ 90فیصدرائلٹی سے صوبے کے ترقیاتی اخراجات وغیرہ پورے کئے جائینگے۔

چیئرمین برائے قائمہ کمیٹی نے کہاکہ بعض معاملات کے پیچھے بڑے ہاتھ ملوث ہوتے ہیں ان عناصرکوتلاش کرناانتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ کرک،کوہاٹ اورہنگوقدرتی وسائل سے مالامال ہیں انکو صحیح معنوں میں استعمال کرنے کیلئے باہمی اتحادوتعاون کی اشدضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت انصاف پر یقین رکھتی ہے۔بعدازاں سیاسی عمائدین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے متعددمنصوبے شروع کئے ہیں جن کی تکمیل سے علاقے کی محرومی کاازالہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ کرک میں کم پریشرکے مسئلے کوترجیحی بنیادوں پرحل کیاجارہاہے سیاسی عمائدین حکومت کیساتھ بھرپورتعاون کریں۔سابق ایم این اے مولاناشاہ عبدالعزیز،سابقہ صوبائی ممبران فرید طوفان،میاں نثاراورملک قاسم ایم پی اے اورمسزدینہ نازنے کمیٹی کوتعاون کی یقین دہانی کرائی۔