قومی اسمبلی کے دو ارکان کے ہمراہ یوتھ پارلیمنٹ کے چھ ارکان کا وفد ڈنمارک کے مطالعاتی دورے پر روانہ

پیر 23 فروری 2015 16:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) قومی اسمبلی کے دو ارکان کے ہمراہ یوتھ پارلیمنٹ کے چھ ارکان کا وفد پیر کو پاکستان میں ڈنمارک کے سفارتخانہ کے تعاون سے ڈنمارک کے مطالعاتی دورے پر روانہ۔ مطالعاتی دورے کا مقصد جمہوری و پارلیمانی نظام ،عوامی احتساب اور حکومتوں کی شفافیت کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے،اس دورے سے ڈنمارک کی جمہوریت،مقامی حکومتوں کے نظام ،کثیر ثقافتی اور نوجوانوں کے کردار کے بارے میں سمجھنے میں مدد ملے گی، نوجوان ارکان کو پاکستان کو درپیش مسائل کے حوالے سے ڈنمارک کے ممبران پارلیمنٹ سے بات چیت کا مو قع بھی ملے گا۔

ڈنمارک کے سفیر جسپر مولر سورنسن نے کہا کی ڈنمارک کے تعاون سے مطالعاتی دورے پر جانے والے ارکان یوتھ پارلیمنٹ کو یہ سیکھنے کا موقع ملے گا کہ کس طرح ڈنمارک بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹ رہا ہے۔

(جاری ہے)

سفیر سورنسن نے کہا کہ جمہوریت کو کوئی چیز شکست نہیں دے سکتی، جمہوری معاشرے اور کلچر کے قیام کئی چیزیں کردار ادا کرتی ہیں لیکن نوجوانوں کا مضبوط جمہوریت کے قیام کے لیے کلیدی کردار ہے، نوجوان مستقبل نہیں حال ہیں یہی وجہ ہے کہ نوجوان ارکان کا ڈنمارک کا دورہ انتہائی اہم ہے جس میں انہیں ڈینش معاشرے،جمہوریت اور اقدار کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور میں واپسی پر ان کے تجربات سننے کے لیے بھی بے چین ہوں۔

یوتھ پارلیمنٹ کے وزیراعظم عقیل احمد نے کہا کہ ڈنمارک کے دورے کے دوران یوتھ پارلیمنٹ کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے، ہم ڈینش ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات اور ان کی جمہوریت کے بارے میں جاننے کے لیے پرجوش ہیں جہاں ہمیں پاکستان کے ترقی پسندانہ چہرے کو روشناس کروانے کا بھی موقع ملے گا، ہم پر امید ہیں کہ اس دورے کے دوران کہ ہمیں جمہوریت اور سیاست کی متنوع سمجھ بوجھ حاصل ہوگی ‘ روانگی سے قبل پلڈاٹ نے وزارت خارجہ کے یورپ ڈویژن اور ڈینش سفارتخانے کی ترقیاتی قونصلرمس ڈارین رائبر کے ساتھ ملاقات کا بھی اہتمام کیا جس میں پاک ڈینش تعلقات اور ڈنمارک کے جمہوری و سیاسی نظام کے بارے میں بتایا پلڈاٹ کے صدر اور یوتھ پارلیمنٹ کے جنرل سیکرٹری احمد بلال محبوب نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں جمہوری روایات کے فروغ کے لیے پلڈاٹ 2007 سے کام کر رہا ہے اور یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران کے لیے ڈنمارک کا مطالعاتی دورہ وہاں کی جمہوری روایات اور نظام کے بارے میں آگاہی کے لیے بہترین موقع ہے،وفد کی تشکیل اس طرح کی گئی ہے کہ یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران قومی اسمبلی کے ارکان سے بھی پارلیمانی روایات کے بارے میں سیکھ سکیں، ہمیں اس بات کی خوشی ہیں کہ ہم جمہوری کلچرکے بارے آگاہی کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔

چھ رکنی وفد میں یوتھ پارلیمنٹ کے نوجوانوں کے امور اور تعلیم کی قائمہ کمیٹی کی چئیرپرسن سیدہ مرغان محبوب کرمانی،قائمہ کمیٹی براے تعلیم و امور نوجواناں کی ممبر راہی فاروق، نوجوان وزیراعظم عقیل احمد،نوجوان اپوزیشن لیڈرشاہ ذرالہی،شیڈو نوجوان وزیر خارجہ علی شیر خان اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور خزانہ و منصوبہ بندی صہیب سعید شامل ہیں۔

وفد کے ہمراہ ارکان قومی اسمبلی میں چیئرمیں قائمہ کمیٹی براے خزانہ عمر ایوب خان اور چئیرمیں قائمہ کمیٹی برائے ریلویز سید نوید قمر شامل ہیں۔یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان ڈنمارک کے ترقیاتی تعاون براے سال 2013-2016 کے تحت پلڈات کا پروگرام ہے جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں میں جمہوری اقدار کا فروغ، مکالمے کی اہمیت،پارلیمنٹ کے تصور،فیصلہ و نگرانی میں اس کے کردار بارے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔