31 مارچ کے بعد ملک بھر سے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی‘قطر سے گیس لانے کے علاوہ بلوچستان سے گیس کے ذخائرمل چکے ہیں‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہو رہی ہے‘ پیپلزپارٹی کی حکومت میں اٹھارہ‘ اٹھارہ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی مگر اب پانچ سے چھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ رہ گئی ہے جسے ہم اپنے دورحکومت میں ختم کر کے دم لیں گے

وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی کا فیصل آباد میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر خطاب

پیر 23 فروری 2015 16:37

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ 31 مارچ کے بعد ملک بھر سے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی‘قطر سے گیس لانے کے علاوہ بلوچستان سے گیس کے ذخائرمل چکے ہیں‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہو رہی ہے‘ پیپلزپارٹی کی حکومت میں اٹھارہ‘ اٹھارہ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی مگر اب پانچ سے چھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ رہ گئی ہے جسے ہم اپنے دورحکومت میں ختم کر کے دم لیں گے۔

وہ ایم پی اے میاں طاہر جمیل کے ہمراہ این اے 84کی یونین کونسل 238 اور 249 کرامت آباد میں بجلی اور نئی سڑکوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ عابد شیرعلی اور میاں طاہر جمیل نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں‘ گیس بجلی‘ سیوریج اور دوسری بنیادی سہولیات عوام کا فرض ہے اور ہم عوام کو یہ سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی نے کئی بار وزیراعظم محمد نواز شریف کو گیس مہنگی کرنے کا مشورہ دیا مگر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتے ہیں اس لئے ہم گیس مہنگی نہیں کریں گے‘ انہوں نے کہا کہ 31مارچ کے بعد ہمارے پاس گیس وافر مقدار میں موجود ہو گی اس لئے ہم گیس سے بجلی بناکر بجلی کی کمی کو پورا کریں گے اور آنے والی گرمیوں میں کم سے کم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کریں گے۔

اس موقع پر پی پی 69کے صدر چوہدری ریاض احمد گجر اور جنرل سیکرٹری میاں سرور نے کہا کہ وزیرمملکت چوہدری عابد شیرعلی اور میاں طاہر جمیل ایم پی اے نے دو کروڑ ستر لاکھ روپے کی لاگت سے عثمان غنی روڈ بنا کر ہمارا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے کیونکہ یہ یہاں کا مصروف ترین روڈ ہے اور یہاں سے گزرنا محال تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیرمملکت کے مشکور ہیں جنہوں نے 55لاکھ روپے سے بغدادی چوک کا سیوریج سسٹم نئے سرے سے بنایا ہے جس سے یہاں کے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

چوہدری ریاض گجر اور میاں سرور نے کہا کہ 33لاکھ روپے کی خطیر رقم سے الہٰی آباد کی گلیاں پکی کی جا رہی ہیں اور سٹریٹ لائٹ کا نظام بہتر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا وزیرمملکت چوہدری عابد شیرعلی اور ایم پی اے میاں طاہر جمیل کی طرف سے یونین کونسل 238 اور 249 میں بجلی کی پرانی بوسیدہ تاریں تبدیل کرنے کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا ۔