شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ کورسز کا انعقادکیا گیا

پیر 23 فروری 2015 16:23

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صنعتی کارکنوں اور مزدوروں کی استعدادکارمیں اضافے اور پاکستانی ورک فورس کو انٹرنیشنل لیبر مارکیٹ سے ڈیمانڈ کے مطابق منسلک کرنے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ کورسز کا انعقاد کررہی ہے جس کے لئے شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں جدید ماڈل ٹریننگ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔

انہوں نے یہ بات سوشل سیکورٹی ہیڈآفس میں چائلڈ لیبر و جبری مشقت کے خاتمے کے لئے وزیراعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر 5.2 بلین روپے سے شروع کئے جانے والے مربوط منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کی غرض سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لیبر عشرت علی، ڈی جی لیبر سلیم حسین ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید گل و دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیرمحنت راجہ اشفاق سرور نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب صوبے سے چائلڈ لیبر کی بدترین اشکال خاص کر بھٹوں پر جبری مشقت کے خاتمے ، مزدوروں کی بحالی ، متاثرہ خاندانوں کی معاشی خودمختاری ، متعلقہ محکموں کے درمیان یکساں طریقہ کار و رابطے موثر بنانے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے اور سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ کا یہ منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر جاوید گل نے بتایا کہ شیخوپورہ اور گوجرانوالہ میں قائم کئے جانے والے ماڈل ٹریننگ سنٹرز میں محنت کشوں کو انٹرنیشنل مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر جدید خطوط پر سکل ڈویلپمنٹ ٹریننگ فراہم کی جائے گی تاکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی ورک فورس کی کھپت میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بین الاقوامی و قومی اداروں کے تکنیکی تعاون سے چائلڈ لیبر کے صوبائی سروے کے آغاز نیز موثر مانیٹرنگ اور رپورٹنگ سسٹم میں اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے ۔صرف آجر، اجیراور حکومت کے سہ فریقی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی چائلڈلیبر و جبری مشقت کے ناسور پر قابو پایا جاسکتا ہے۔