بنگلا دیش میں مسافر کشتی مال بردار بیڑے سے ٹکرا گئی، کشتی میں سوار48 افراد ہلاک ،50 کو بچا لیا گیا،لاپتہ افراد کی تلاش جاری

کشتی میں 100 سے زائد افراد سوارتھے، مرنے والوں میں 11 بچے اور 7 خواتین شامل ہیں،واقعہ کی تحقیقات کے لئے کارگو جہاز کے عملے کے 2 افراد گرفتار،حکام

اتوار 22 فروری 2015 23:35

بنگلا دیش میں مسافر کشتی مال بردار بیڑے سے ٹکرا گئی، کشتی میں سوار48 ..

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22فروری۔2015ء) بنگلا دیش میں مسافر کشتی مال بردار بیڑے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار48 افراد ہلاک ہوگئے ،ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے 50 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ دیگرلاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے قریب دریائے پدما میں مسافربردار کشتی مال بردارجہاز سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 100 سے زائد افراد ڈوب گئے جب کہ غوطہ خوروں نے48 لاشوں کو نکالتے ہوئے لاپتہ مسافروں کی تلاش شروع کردی۔

انچارج انسپکٹر رقیب الزماں کے مطابق مرنے والوں میں 11 بچے اور 7 خواتین شامل ہیں جب کہ خدشہ ہے کہ کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے جس میں سے 50 کو بحفاظت نکالا جاچکا ہے تاہم ریسکیو ٹیموں نے لاپتہ ہونے والوں کی تلاش کے لئے آپریشن تیزکردیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق مال بردار جہاز اچانک مسافر کشتی کے سامنے آگیا جس کے باعث حادثہ رونما ہوا تاہم واقعہ کی تحقیقات کے لئے کارگو جہاز کے عملے کے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش میں دریائے پدما ملک کے سب سے بڑے دریاؤں میں سے ایک ہے جو جنوبی اور شمالی مشرقی علاقوں میں قیام پذیر لوگوں کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک ملاتا ہے جب کہ دریائے پدما میں کشتی حادثہ ملکی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا حادثہ ہے۔13 فروری کو جنوبی بنگلہ دیش میں اسی طرح کے ایک واقعے میں سات افراد ہلاک ہوگئے تھے۔بنگلہ دیش میں اکثر کشتیوں پر ضرورت سے زیادہ لوڈ ڈالا جاتا ہے جس کے باعث حادثات پیش آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :