ورلڈ کپ 2015ء، پاکستان نے میگا ایونٹ میں بھارت سے ہارنے کی روایت جاری رکھی، پاکستان کو 66 رنز سے شکست

اتوار 15 فروری 2015 16:39

ورلڈ کپ 2015ء، پاکستان نے میگا ایونٹ میں بھارت سے ہارنے کی روایت جاری ..

ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار15۔فروری 2015ء ) ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو76رنز سے ہرا دیا ہے ۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر روہت شرما اور شیکھر دھون بھارت کو اچھا سٹارٹ دینے میں ناکام ہوئے اور روہت شرما 34کے مجموعی سکور پر 15رنز بنا کر مصباح کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔ روہت شرما کے آؤٹ ہونے پر ویرات کوہلی کریز پر آئے اور شیکھر دھون کے ہمراہ سکور کو 163رنز تک پہنچایا تاہم اس موقع پر دونوں بلے بازوں میں تال میل کی کمی سے شیکھر دھون 73رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے ۔

سریش رائنا نے کوہلی کے ہمراہ سکور کو پھر سے تیزی سے آگے بڑھانا شروع کیا اور اس دوران ویرات کوہلی نے اپنے ایک روزہ کیریئر کی 22ویں سنچری مکمل کی ۔

(جاری ہے)

273کے مجموعی سکور پر کوہلی 107رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤ ٹ ہوگئے ۔رائنا 74رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ایم ایس دھونی بھی کچھ خاص کرنے میں ناکام رہے اور 18رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر مصباح الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔

روندرا جدیجا 3اور اجنکے رہانے 0 کی خفت سے دوچار ہوئے جبکہ ایشون 1اور شامی 3رنزکیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سہیل خان نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کر تے ہوئے 5بھارتی کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا ۔ انکے علاوہ وہاب ریاض نے 1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔301رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز عمدہ نہ رہا اور یونس خان محض 6رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

احمد شہزاد اور حارث سہیل نے دوسرے وکٹ کے لیے 68رنز کا اضافہ دیا ،حارث سہیل 36رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ احمد شہزاد نصف سنچری سے دو رنز دور ہمت ہار گئے ۔عمر اکمل اور صہیب مقصود نے کھاتہ کھولنے کی زحمت گوارا نہ کی جبکہ شاہد آفریدی بھی 22رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔ کپتان مصباح الحق نے آخری وقت تک بھارتی باؤلرز کا مقابلہ کیا تاہم وہ 76رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور پاکستان 47اوورز میں 234رنز بنا سکا ۔ بھارت کی جانب سے شامی نے 4، شرما اور یادو نے 2،2اور جدیجا اور ایشون نے 1،1کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ ویرات کوہلی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :